متعدد مکانات اور گاڑیوں کو نذر آتش ۔دفعہ 144 نافذ
حیدرآباد:۔17؍دسمبر
(زین نیوز)
آندھرا پردیش کے پالناڈو ضلع میں جمعہ کی شام تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی (وائی ایس آر سی پی) کے کارکنوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔
معاملہ بڑھتا دیکھ کر پولس نے لاٹھی چارج کرکے بھیڑ کو ہٹا دیا۔ یہ واقعہ ضلع کے مچھرلا علاقے میں پیش آیا۔ اس وقت یہاں دفعہ 144 نافذ ہے۔
دراصل، ٹی ڈی پی کارکنان یہاں مچیرلا گاؤں میں وائی ایس آر سی پی حکومت کے خلاف ریلی نکالنے جارہے تھے۔ دونوں جماعتوں کے کارکن آپس میں ٹکرا گئے اور پتھراؤ شروع کر دیا۔
جس میں دونوں طرف کے لوگ زخمی ہوئے۔ پرتشدد تصادم میں متعدد مکانات اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔ اب دونوں فریق ایک دوسرے پر تشدد بھڑکانے کا الزام لگا رہے ہیں۔
الزام تراشی کا کھیل ٹی ڈی پی کے ساتھ شروع ہوا کہ وائی ایس آر سی پی کے کارکنوں نے ان کے دفتر اور ان کے قائدین کی گاڑیوں کو آگ لگا دی، جب کہ حکمراں جماعت کا کہنا ہے کہ ان کے کارکنوں کو تلگو دیشم پارٹی کے کارکنوں نے جھڑپ میں نقصان پہنچایا۔
ٹی ڈی پی کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو نے گنٹور کے ڈی آئی جی سے حملے کے بارے میں سوال کیا ہے کہ جب مچھرلا میں حالات اتنے سنگین ہوگئے تو پولیس نے کارروائی کیوں نہیں کی۔
مقامی ایم ایل اے پنیلی رام کرشنن ریڈی کے بھائی وینکٹ رامی ریڈی نے کہا کہ وائی ایس آر سی پی کے کارکنوں نے نہ صرف ان کی پارٹی قائدین کی کاروں کو نذر آتش کیا بلکہ ٹی ڈی پی کے حامیوں کی دکانوں کو بھی نذر آتش کیا۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جب حکمراں جماعت کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی تو مقامی پولیس خاموشی سے دیکھتی رہی اور انہیں روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
پولس کا دعویٰ ہے کہ حالات قابو میں ہیں ضلع پالناڈو میں دفعہ 144 نافذہے ۔ ایس پی وائی روی شنکر ریڈی نے بتایا کہ پلناڈو ضلع کے مچیرلا گاؤں میں مجرمانہ پس منظر والے کچھ لوگوں نے اپنے مخالفین پر پتھراؤ کیا۔ حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور حالات قابو میں ہیں۔