جگتیال میں حاملہ خاتون کو دردِ زہ، جے سی بی کی مدد سے سیلابی نالہ عبور
جگتیال:۔27/اگست
(زین نیوز)
تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے رائیکَل منڈل میں ایک انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک خاتون کو دردِ زہ کی تکلیف کے دوران ہسپتال منتقل کرنے کے لیے مقامی افراد نے جے سی بی کی مدد لی۔تفصیلات کے مطابق بھوپتِی پور گاؤں کی رہائشی لکشمی نامی خاتون کو دوپہر کے وقت اچانک زچگی کی تکلیف شروع ہوئی۔
اہلِ خانہ نے فوری طور پر اسے رائیکل ہسپتال لے جانے کا انتظام کیا۔ تاہم شدید بارش کے سبب راموجی پیٹ کے راستے میں واقع نچلی پُل پر پانی کا بہاؤ نہایت تیز تھا، جس کی وجہ سے عام راستے سے اسے لے جانا ناممکن ہوگیا۔
ایسی نازک صورتحال میں مقامی افراد آگے آئے اور جے سی بی کے ذریعے خاتون کو محفوظ طریقے سے پُل کے اُس پار منتقل کیا۔ بعد ازاں وہاں سے ایمبولینس کے ذریعے اسے رائیکل کے سرکاری ہسپتال پہنچایا گیا۔مقامی عوام نے اس بہادری پر راحت کی سانس لی اور کہا کہ بروقت تعاون سے ماں اور بچہ دونوں محفوظ ہیں۔
