تلنگانہ کے وزیر اعلی کی دخترسے ای ڈی کی پوچھ گچھ جاری
دہلی :۔11؍مارچ
(زین نیو ز ڈیسک)
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر کی دختر ایم ایل سی کے۔ کویتا سے دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ شروع ہوگئی ہے۔ ان سے دہلی شراب پالیسی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا بیان منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 50 کے تحت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
کے سی آر کو خدشہ ہے کہ ای ڈی کے۔ کویتا کو گرفتار کر سکتی ہے اس لیے اس نے اپنے بیٹے کے ٹی آر اور ٹی ہریش راؤ کو دہلی بھیج دیا ہے۔ کویتا نے مرکزی حکومت پر تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں انتخابات ہوتے ہیں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) مودی سے پہلے وہاں پہنچ جاتا ہے۔ کویتا نے کہا کہ میں تحقیقات میں مکمل تعاون کروں گی۔ اس سے قبل 12 دسمبر 2022 کو سی بی آئی نے کویتا سے حیدرآباد میں تقریباً 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔
کویتا دہلی میں اپنے والد کی سرکاری رہائش گاہ پر مقیم تھیں۔ ای ڈی کے دفتر جانے سے پہلے وہاں حامیوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔ وہ تمام لوگوں سے ملتے ہوئے کار تک پہنچی۔ تقریباً 11 بجے وہ ای ڈی کے دفتر پہنچی جہاں پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد پہلے سے جمع تھی۔
ہجوم پر قابو پانے کے لیے دفتر کے باہر دہلی پولیس اور سینٹرل فورس کےعہدیدار تعینات تھے۔ ای ڈی کے دفتر میں داخل ہونے سے پہلے، کویتا نے حامیوں کی طرف اپنی مٹھی کو ہوا میں لہرایا اور انہیں مضبوط رہنے کو کہا۔
واضح رہے کہ کے ۔کویتا کے معاون ای ڈی کی حراست میں ہے۔ای ڈی دہلی شراب پالیسی کیس میں منی لانڈرنگ کی شکایتوں کی جانچ کر رہی ہے۔
اس سے پہلے جمعہ کو کویتا نے قومی راجدھانی کے جنتر منتر پر پارلیمنٹ کے موجودہ بجٹ اجلاس میں خواتین ریزرویشن بل کو متعارف کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
جمعہ کو دہلی میں ہونے والی اپنی بھوک ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے جانچ ایجنسی سے اپنی پوچھ گچھ کو ہفتہ تک ملتوی کرنے کو کہا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو ای ڈی نے گرفتار کیا ہے۔
منگل کو دہلی کی ایک عدالت نے حیدرآباد کے تاجر ارون رام چندرن پلئی کو 13 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔ ارون کویتا کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ پلئی پر الزام ہے کہ انہوں نے شراب کی پالیسی میں تبدیلی کے لیے عام آدمی پارٹی کو 100 کروڑ روپے بھیجے تھے۔
