Trump

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کو مردہ معیشت قرار دیا

تازہ خبر عالمی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کو مردہ معیشت قرار دیا
 ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف کا اعلان 
ٹرمپ نے سچ کہا مودی نے ہندوستان کی معیشت تباہ کی۔ راہول گاندھی کا طنز
واشنگٹن/نئی دہلی :31 جولائی
 (زین نیوز ویب ڈیسک)
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستانی مصنوعات پر 25 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہندوستان اور روس کو "مردہ معیشتیں” قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ "ہندوستان اور روس کو اپنی معیشتوں سمیت ڈوبنے دو مجھے اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔
 ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان ہمارا دوست ضرور ہے، لیکن اس نے ہمیشہ اپنی منڈی کو امریکی مصنوعات کے لیے بند رکھا ہے۔ ان کے بقول، ہندوستانی ٹیرف بہت زیادہ ہیں اور وہاں پیچیدہ غیر اقتصادی تجارتی رکاوٹیں موجود ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندوستان نے روس سے فوجی سازوسامان کی خریداری جاری رکھی ہے اور چین کے ساتھ مل کر روس کا سب سے بڑا تیل خریدار بھی بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا روس سے یوکرین میں جنگ روکنے کی اپیل کر رہی ہے، جو قابل قبول نہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ یکم اگست 2025 سے ہندوستانی اشیاء پر 25 فیصد درآمدی ٹیرف لاگو ہوں گے اور اس کی وجہ ہندوستان کا روس کے ساتھ تجارتی تعلق اور فوجی خریداری ہے۔
ماہرین کے مطابق اس وقت امریکی ٹیرف ہندوستانی اشیاء پر اوسطاً 10 فیصد کے قریب ہے، لیکن یکم اگست سے یہ ٹیرف تین گنا بڑھا دیا جائے گا۔ "مردہ معیشت” کی اصطلاح کوئی سرکاری یا اقتصادی اصطلاح نہیں، بلکہ ایک بول چال کی اصطلاح ہے، جس سے مراد وہ معیشت ہوتی ہے جس میں ترقی رک جائے، روزگار ختم ہو، پیداوار گرے اور عوام مالی بحران میں مبتلا ہوں۔
ادھر، امریکی صدر کے اس بیان پر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ امریکی صدر نے سچ بولا ہے۔ٹرمپ نے سچ کہامودی نے ہندوستان کی معیشت تباہ کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اڈانی جیسے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہندوستانی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
راہول نے کہا کہ وزیراعظم مودی اور وزیر خزانہ کو چھوڑ کر پوری دنیا جانتی ہے کہ ہندوستان کی معیشت مر چکی ہے۔راہول گاندھی نے حکومت کی خارجہ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب امریکہ ہندوستان کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے اور چین سرحد پر دباؤ بڑھا رہا ہے، تو حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ اسے عالمی سفارتی کامیابیاں مل رہی ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فوجی سربراہ امریکی صدر کے ساتھ لنچ کر رہے ہیں اور مودی جی اسے سفارتی کامیابی قرار دے رہے ہیں، جو مضحکہ خیز ہے۔راہول گاندھی کے بیان سے قبل ہی کئی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی ٹرمپ کے بیان اور ٹیرف کے فیصلے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ہندوستان کی کمزور خارجہ پالیسی اور اقتصادی غیر یقینی صورت حال کا نتیجہ ہے