جامع مسجد جگتیال میں سٹی جمعیت علماء جگتیال کی انتخابی نشست
حافظ شمس الدین تبریز صدر منتخب
جگتیال13؍اگست
(نمائندہ زین نیوز)
سٹی جمعیت علماء جگتیال کی تین سالہ میعاد مکمل ہونے پر جامع مسجد جگتیال میں جمعیت علماء ہند کی انتخابی نشست منعقد ہوئی، جس میں حافظ شمس الدین تبریز کو صدر منتخب کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، یہ نشست مرکزی صدر مولانا محمود مدنی اور ریاستی صدر حافظ پیر شبیر صاحب کی ہدایت پر منعقد کی گئی، جس میں صدر جمعیت علماء جگتیال مولانا مظہر القاسمی نقشبندی، جنرل سیکرٹری مفتی معیز شامزی اور نائب صدر مفتی خلیل الدین الحسنی نے شرکت کی۔
اس موقع پر مولانا مظہر القاسمی نقشبندی نے جمیعت علماء ہند کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی عظیم تنظیم ہے جس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنی بھی تنظیمیں کام کر رہی ہیں وہ دراصل جمیعت علماء ہند کی مرہونِ منت ہیں، جو اپنے مختلف شعبوں میں سرگرم عمل رہتے ہوئے دیگر تنظیموں کی ضروریات بھی پوری کرتی ہے اور ملکی سطح پر پیدا ہونے والے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے میں ہمہ جہت خدمات انجام دے رہی ہے۔
بعد ازاں مفتی معیز شامزی نےجمعیت علماء ہند کی دیہاتی سطح سے مرکزی سطح تک علاقائی اعتبار سے باڈی تشکیل دینے کے اصول و ضوابط سے شرکاء کو آگاہ کیا۔انتخابات میں صدارت کے لیے کل 62 ووٹ ڈالے گئے، جن میں 43 حافظ شمس الدین تبریز کے حق میں، 16 حافظ خواجہ عقیل کے حق میں اور 3 ووٹ متفرق نکلے۔
دیگر عہدیداروں میں جنرل سیکرٹری کے لیے مفتی خواجہ امیر الدین اور نائب صدر کے لیے حافظ انور منتخب ہوئے۔اس موقع پر نو منتخب اراکین کو مبارکباد پیش کی گئی، جبکہ شہر کے مفتیانِ کرام، علماء اور حفاظ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
