جگتیال میں ہنما جی پیٹ کے عوام کا سابق وزیر ٹی. جیون ریڈی سے ملاقات
پہاڑی کی کھدائی روکنے کا مطالبہ
جگتیال:۔11؍اگست
( نا مہ نگار)
جگتیال ضلع مستقر کے اندرا بھون میں ہنما جی پیٹ گاؤں کے عوام نے سابق وزیر ٹی۔جیون ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے گاؤں کی پہاڑی پر آن لائن ٹینڈر کے ذریعے مجوزہ مٹی کی کھدائی روکنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مٹی کی کھدائی شروع کی گئی تو قیمتی قدرتی وسائل کے ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیات کو بھی نقصان پہنچے گا، اس لیے گاؤں کو ماحولیاتی تباہی سے بچایا جائے۔
جیون ریڈی نے عوام کے مطالبے پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑیاں اور ٹیلے ہماری قیمتی دولت اور ورثہ ہیں، اور ماحولیات کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مٹی کی ضرورت ضرور ہے لیکن اس کے لیے پہاڑیاں کھودنا واحد راستہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برساتی نالوں میں دہائیوں سے جمع شدہ مٹی موجود ہے جسے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ اس مسئلے کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
