حیدرآباد:مانو میں اردو میڈیم اساتذہ کا تربیتی ورکشاپ

تازہ خبر تلنگانہ
حیدرآباد : مانو میں اردو میڈیم اساتذہ کا تربیتی ورکشاپ
حیدرآباد، 11 اگست
 (پریس نوٹ)
 اردو میڈیم اساتذہ کو تعلیمی نظام میں جاری جدید اصلاحات اور ٹکنالوجی خصوصاً آرٹیفیشل انٹلی جنس (AI) کے موثر استعمال سے بخوبی واقف ہونا چاہیے، کیوںکہ طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، ڈائرکٹر سی پی ڈی یو ایم ٹی نے کیا۔ وہ مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اساتذہ ¿ اردو ذریعہ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے اردو میڈیم اساتذہ کے لےے منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ ورکشاپ SCERT کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔
انہوں نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دورانِ تدریس اساتذہ کو ایسا انداز اپنایا جائے جس سے طلبہ کی دلچسپی میں اضافہ ہو اور یہ برقرار رہے۔ خوشگوار رویہ، شیریں گفتگو اور طلبہ سے ہمدردانہ تعلق تعلیمی ماحول کو مو ¿ثر بناتے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران انہوں نے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے تدریسی نکات کی وضاحت کی۔
ڈاکٹر شیخ وسیم، اسوسی ایٹ پروفیسر، فاصلاتی تعلیم، مانو نے کہا کہ موثر تدریس کے لیے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں اور دلچسپی کا خیال رکھنا ضروری ہے، کیوںکہ اکتساب کی رغبت کے بغیر تدریسی عمل بے اثر رہتا ہے۔ورکشاپ میں جناب محمد بشیرالدین،ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس، گولکنڈہ منڈل ،جناب محمد افتخار الدین ، صدر مدرس، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ، گوشہ محل،جناب محمد حُسام الدین ،مدرس سمیت مختلف اسکولوں کے اساتذہ نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
شرکاءکو”ذہنی خاکہ“ تیار کرنے کا گروہی مشغلہ دیا گیا، جسے خوب سراہا گیا۔ شہر و اضلاع سے بڑی تعداد میں معلمین و معلمات نے شرکت کی اور ورکشاپ میں دی گئی تجاویز پر عمل کا عزم کیا۔ورکشاپ کے اختتام پر شُرکا میں اسناد بھی تقسیم کےے گئے ۔
 شیخ الجامعہ ،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، پروفیسرسید عین الحسن کی اجازت اورسر پرستی میں اس نوعیت کے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ عنقریب تلنگانہ کے دیگر اضلاع جیسے محبوب نگر، کریم نگر اور نظام آباد میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔ڈائرکٹر ،ایس سی ای آر ٹی (SCERT) ، تلنگانہ نے اردو میڈیم اساتذہ کو ان تربیتی پروگراموں میں شرکت کے لےے پروسیڈنگس (Proceedings)جاری کی ہیں۔