کرناٹک: کانگریس رکن اسمبلی کے سی ویریندر گرفتار
چھاپے کے دوران 12 کروڑ نقد، 6 کروڑ کے زیورات برآمد۔ ای ڈی کی کارروائی
بنگلورو:۔23؍اگست
( زیڈ این میڈ یا سرویس)
کرناٹک کے کانگریس رکن اسمبلی کے سی ویریندر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کے دن غیر قانونی آن لائن اور آف لائن سٹے بازی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گنگٹوک میں گرفتار کیا۔ایم ایل اے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ سکم کے گنگٹوک کا سفر کیا تھا، جہاں وہ مبینہ طور پر جوئے بازی کے اڈوں کے لیے زمین کا ایک ٹکڑا لیز پر دے رہے تھے۔
غیر قانونی سٹے بازی اور منی لانڈرنگ کے الزام میں کی گئی اس کارروائی میں 12 کروڑ روپے نقد، زیورات، غیر ملکی کرنسی اور قیمتی گاڑیاں ضبط ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو کرناٹک کے کانگریس ایم ایل اے کے سی وریندر کو سکم کے گنگٹوک سے گرفتار کر لیا۔
انہیں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (PMLA) کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ وریندر غیر قانونی آن لائن اور آف لائن سٹے بازی اور جوئے کے دھندے میں ملوث ہیں۔ذرائع کے مطابق وریندر اپنے ساتھیوں کے ساتھ گنگٹوک گئے تھے،
جہاں وہ مبینہ طور پر جوئے کے اڈوں کے لیے زمین کا ایک ٹکڑا لیز پر دینے والے تھے۔ ای ڈی نے جمعہ کو وریندر اور ان کے قریبی افراد کے 30 مقامات پر چھاپے مارے تھے، جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں دولت اور قیمتی سامان برآمد ہوا۔
ای ڈی کے مطابق چھاپہ ماری کے دوران 12 کروڑ روپے نقد، تقریباً ایک کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی، 6 کروڑ روپے کے زیورات، 10 کلو چاندی اور چار لگژری گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
وریندر کے بھائی کے سی ناگراج اور بیٹے پرتھوی این راج کے ٹھکانوں سے جائیداد سے متعلق کئی اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔ مزید یہ کہ وریندر کے دیگر ساتھی، جن میں ان کے بھائی کے سی تھپے سوامی اور بیٹے پرتھوی این راج شامل ہیں،
مبینہ طور پر دبئی سے آن لائن گیمنگ آپریشنز چلا رہے تھے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ضبط شدہ دستاویزات اور مواد "نقدی اور دیگر فنڈز کی پیچیدہ تہہ بندی” (layering of funds) کی نشاندہی کرتے ہیں۔ وریندر کو گنگٹوک کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ان کے مالی لین دین کی مزید جانچ جاری ہے۔
ای ڈی نے بتایا کہ وریندر کا تعلق گوا کے پانچ بڑے کیسینو سے بھی ہے، جن میں پپیز کیسینو گولڈ، اوشین ریورز کیسینو، پپیز کیسینو پرائیڈ، اوشین 7 کیسینو اور بگ ڈیڈی کیسینو شامل ہیں۔

یاد رہے کہ وریندر، کرناٹک کی چتردرگا اسمبلی سیٹ سے کانگریس کے ایم ایل اے ہیں۔ گزشتہ آٹھ دنوں کے اندر کانگریس کے دو ایم ایل ایز کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس سے قبل 14 اگست کو ای ڈی نے کانگریس ایم ایل اے ستیش کرشنا سیل کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، جہاں سے 1.41 کروڑ روپے نقد، 6.75 کلو سونا، زیورات اور بسکٹ برآمد کیے گئے تھے۔
مزید برآں، سیل اور ان کے خاندان کے بینک لاکروں سے 14.13 کروڑ روپے کے ڈپازٹ والے کھاتوں کو منجمد کیا گیا اور اہم دستاویزات و ای میل ریکارڈ ضبط کیے گئے تھے۔یہ کیس سال 2010 کے غیر قانونی لوہے کی برآمدات سے جڑا ہوا ہے
، جس میں الزام ہے کہ سیل نے دیگر کمپنیوں اور بیلکیری پورٹ کے بعض افسران کے ساتھ مل کر 1.25 لاکھ میٹرک ٹن لوہا غیر قانونی طور پر برآمد کیا، جس کی مالیت تقریباً 86.78 کروڑ روپے بنتی ہے
