Rain in Hyderabad

تلنگانہ میں تین دن کے لیے بارش کا الرٹ، کئی اضلاع میں ریڈ اور اورینج وارننگ 

تازہ خبر تلنگانہ
تلنگانہ میں تین دن کے لیے بارش کا الرٹ، کئی اضلاع میں ریڈ اور اورینج وارننگ 
سدی پیٹ میں ریکارڈ بارش
حیدرآباد:۔18؍اگست
(زیڈ این میڈیا سرویس)
ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آئندہ تین دن کے لیے بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق شمال مغربی خلیج بنگال میں قائم کم دباؤ، مانسون ٹرف اور سطحی آندھی کے اثرات کے باعث ریاست میں بھاری سے انتہائی بھاری بارشیں برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ 18 اگست کو بھدرادری، محبوب آباد اور مُلُوگو اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح جے شنکر بھوپال پلی ضلع میں بھی بھاری سے انتہائی بھاری بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عادل آباد، ہنمکنڈہ، کاما ریڈی، کھمم، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، میدک، نرمَل، سنگاریڈی، سوریہ پیٹ، وقارآباد اور ورنگل اضلاع میں بھاری بارشوں کے امکانات کے پیش نظر ایلو الرٹ دیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ان دنوں تمام اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک، تیز ہواؤں (30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار) اور بجلی گرنے کے امکانات بھی ہیں۔
سدی پیٹ میں ریکارڈ بارش17 اگست کو ضلع سدی پیٹ کے گوراڑو گاؤں میں 23.6 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اب تک کی سب سے زیادہ بارش شمار کی جا رہی ہے۔
اسی طرح سدی پیٹ کے مُلُوگو میں 18.65 سینٹی میٹر، میدک کے اسلام پور میں 17.95 سینٹی میٹر، کاما ریڈی کے پٹلم میں 17.5 سینٹی میٹر، یادادری بھونگیری کے اڈگوڑو میں 16.48 سینٹی میٹر اور سنگاریڈی کے کنگٹی میں 16.9 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
ریاست بھر میں مجموعی طور پر 29 مقامات پر بھاری بارشیں ہوئیں۔ یادادری بھونگیری میں 16.4، کاما ریڈی میں 16 اور نظام آباد میں 13 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔حیدرآباد میں بارش کی صورتحالحیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بھی اچھی بارش ہوئی۔
 حیدر نگر میں 4.5 سینٹی میٹر، ملکاجگیری میں 4.4، کوکٹ پلی میں 4.3، کاپرا اور شیرلنگم پلی میں 4.2 سینٹی میٹر، جب کہ قب اللہ پور، الوال، بی ایچ ای ایل، رام چندرپورم اور دیگر مقامات پر 4 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح نریڈ میٹ، اُوپل، ملّاپور، گاجولارامارم، لِنگم پلی، مولاعلی، مشیرآباد، صفیل گوڑہ، شیخ پیٹ، بنجارہ ہلز، پٹن چیرُو، چندانگر، خیریت آباد اور بورابنڈہ میں 3 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔