جامع مسجد جگتیال میں جمیعت علماء ہند ضلع جگتیال کی انتخابی نشست
جگتیال:۔14؍ستمبر
(زین نیوز)
تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے جامع مسجد جگتیال میں آج بعد نماز ظہر جمیعت علماء ہند ضلع جگتیال کا انتخابی اجلاس نہایت پُر وقار انداز میں منعقد ہوا۔ ضلعی جمیعت علماء کی میعاد مکمل ہونے پر یہ انتخاب مرکزی صدر جمیعت علماء ہند حضرت مولانا محمود مدنی اور ریاستی صدر حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب کی ہدایت پر عمل میں آیا۔
اجلاس کی نگرانی کے لیے جمیعت علماء بھینسہ کے صدر حضرت مفتی عبدالغنی صاحب اور جمیعت علماء کریم نگر کے صدر حضرت مفتی محمد یونس القاسمی صاحب بطور مبصر تشریف لائے۔ اس موقع پر مولانا عمر فاروق قاسمی نقشبندی (کریم نگر) نے بھی شرکت فرمائی۔انتخابات میں جملہ 112 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 73 ووٹ مفتی سید مظہر القاسمی صاحب نقشبندی دامت برکاتہم کے حق میں آئے جبکہ 37 ووٹ مفتی عبد المعز شامزی صاحب کے حق میں اور 2 ووٹ متفرق نکلے۔
اس طرح اگلی میعاد کے لیے مفتی سید مظہر القاسمی صاحب نقشبندی دامت برکاتہم صدر منتخب ہوئے۔ اسی طرح جنرل سیکریٹری (معتمد عمومی) کے لیے مولانا عبدالماجد ندوی صاحب کا انتخاب ندائی ووٹ کے ذریعہ مکمل ہوا۔اجلاس کے دوران مبصرین نے جمیعت علماء ہند کی عظیم خدمات اور تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔
مفتی عبدالغنی صاحب نے کہا کہ جمیعت علماء ہند ملک کی وہ تنظیم ہے جس نے آزادی کی تحریک میں ناقابلِ فراموش قربانیاں دی ہیں، آج بھی ملک میں ہر شہری کے بنیادی حقوق اور آزادی میں اس تنظیم کا نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ جمیعت علماء کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے، لیکن یہ عوام میں سیاسی شعور اجاگر کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔
انتخابات میں شہر جگتیال، کورٹلہ، مٹ پلی، رائکل، دھرم پوری اور دیگر مقامی یونٹوں کے ذمہ داران، مفتیان کرام، علماء عظام، ائمہ مساجد اور حفاظ کرام کی کثیر تعداد شریک رہی۔آخر میں نومنتخب صدر مفتی سید مظہر القاسمی صاحب نقشبندی کی دعاء پر یہ اجلاس بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی گئی
