جگتیال ضلع میں خاتون ملازم کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر تحصیلدار کے خلاف مقدمہ درج
جگتیال:۔12/_ستمبر
(زین نیوز)
جگتیال ضلع کے پیگڑاپلی ایم آر او رویندر کے خلاف ایک خاتون سرکاری ملازمہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔
الزام ہے کہ رویندر کئی دنوں سے خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور نازیبا رویہ اختیار کر رہا تھا۔ ڈیوٹی کے دوران وہ خاتون ملازمہ کو واٹس ایپ پر نازیبا پیغامات اور کالز کے ذریعے ہراساں کرتا رہا۔
ذرائع کے مطابق جب رویندر کو علم ہوا کہ متاثرہ خاتون اس کے خلاف پولیس میں شکایت کرنے والی ہے تو اس نے جگتیال کے ایک اور تحصیلدار کے ذریعے سمجھوتے کی کوشش کی۔
اس دوران اس نے خاتون ملازمہ پر دباؤ ڈالا کہ وہ شکایت واپس لے لے اور کہا کہ وہ اس کے پاؤں پکڑنے کو بھی تیار ہے لیکن معاملہ ختم کر دیا جائے۔
تاہم متاثرہ خاتون نے کسی دباؤ میں آئے بغیر پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرائی۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے 12 ستمبر کو تحصیلدار رویندر کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا۔
یہ واقعہ ضلع میں سرکاری دفاتر کے ماحول اور خواتین ملازمین کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑا کرتا ہے۔
۔