جگتیال میں نوجوان کے بہیمانہ قتل کے ملزمان گرفتار، ریمانڈ میں دیدیا گیا
جگتیال:۔16؍ستمبر
(زین نیوز)
تلنگانہ کے ضلع جگتیال رورل منڈل کے پولاس علاقہ میں گزشتہ اتوار نصف شب آٹو ڈرائیور نعیم الدین عرف نعیمہ (50) کے بہیمانہ قتل کے معاملے میں پولیس نے ملزمین کو اندرون چوبیس گھنٹے گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جگتیال کے ڈی ایس پی رگھو چندر نے تفصیلات سے واقف کرایا۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ آٹو کرایہ کے مسئلہ پر پیدا ہونے والے تنازعہ کے نتیجہ میں بہار سے تعلق رکھنے والے دو مزدور درشن ساہنی اور سنیل ساہنی نے محمد نعیم الدین( نعیمہ) کو شدید طور پر مارپیٹ کر کے ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمین حیدرپلی کے مضافات میں واقع سری منی کانٹہ رائس مل میں مزدوری کرتے تھے۔
مقتول کے بھائی کی شکایت پر مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمین کی نشاندہی کی اور کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا۔
ڈی ایس پی رگھو چندر نے رورل سی آئی سُدھاکر، ایس آئی سُدھاکر اور دیگر عملہ موگلی سرنیواس کی اس تیز اور مؤثر کارروائی پر خصوصی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی