وزیر خارجہ جے شنکر اندرا گاندھی کے قتل کے جشن پر برہم

تازہ خبر عالمی
وزیر خارجہ  جے شنکر اندرا گاندھی کے قتل کے جشن پر برہم
کینیڈا میں اندرا گاندھی کے قتل کی تصویر کشی کی جھانکی
 نفرت یا تشدد کے لیے کینیڈا میں کوئی جگہ نہیں۔کینیڈین ہائی کمشنر 
نئی دہلی:۔8؍جون
(زین نیوزورلڈڈیسک)
ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل پر جشن منانے کا معاملہ کینیڈا میں گرم ہو رہا ہے۔ اس معاملے پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا ردعمل آیا ہے۔ انہوں نے کینیڈا کو واضح الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اچھا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ٹیبلو کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں آنجہانی اندرا گاندھی کو خون میں لت پت ساڑھی میں دکھایا گیا تھا۔
جے شنکر نے اس واقعہ کو ووٹ بینک کی سیاست سے بھی جوڑا اور کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اس میں کوئی بڑا مسئلہ ہے۔ سچ کہوں تو سمجھ میں نہیں آتا کہ اس میں ووٹ بینک کی سیاست کے علاوہ اور کیا وجہ ہو سکتی ہے، کوئی ایسا کیوں کرے گا۔
کانگریس نے کینیڈا میں اس واقعہ کی مذمت کی ہے جہاں مبینہ طور پر سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کی تصویر کشی کرنے والی جھانکی نکالی گئی تھی ۔ پارٹی نے کہا ہے کہ حکومت ہند کو یہ مسئلہ کینیڈا کے ساتھ سختی سے اٹھانا چاہئے۔
 کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ٹویٹ کرکے یہ درخواست کی ہے۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے برامپٹن میں خالصتان کے حامیوں نے حال ہی میں اندرا گاندھی کے قتل کی تصویر کشی کی جھانکی چلائی تھی۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر ملند دیورا نے ٹویٹ کیا کہ ایک ہندوستانی ہونے کے ناطے مجھے یہ دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی کہ کینیڈا کے شہر برامپٹن میں پانچ کلومیٹر لمبی پریڈ نکالی گئی جس میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کو دکھایا گیا تھا۔
 یہ فریقین لینے کا نہیں بلکہ قوم کی تاریخ اور سابق وزیراعظم کے قتل سے ہونے والے درد کے احترام کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کی عالمی سطح پر مذمت کی جانی چاہیے اور مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
کیمرون میکے نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کیا ہے، جو ہندوستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر ٹویٹ کیا ہے۔ کیمرون نے اپنی ٹویٹر وال پر لکھا کہ انہیں کینیڈا میں ایک تقریب کی خبر سن کر صدمہ پہنچا،
جس میں آنجہانی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کا جشن منایا گیا۔ نفرت یا تشدد کے لیے کینیڈا میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
میں ان سرگرمیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔واضح رہے کہ 31 اکتوبر 1984 کو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے محافظوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔