تلنگانہ: بی جے پی کو جھٹکا۔ سابق وزیر ڈاکٹر اے چندر شیکھر مستعفی
حیدرآباد: ۔13؍اگست
(زین نیوز )
تلنگانہ میں بی جے پی کو ایک جھٹکا دیتے ہوئےسابق وزیر اے چندر شیکھر نے اتوار کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر اے چندر شیکھر نے اپنا استعفیٰ ریاستی بی جے پی صدر جی کشن ریڈی کو روانہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی تنظیم کے لیے محنت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت تلنگانہ حکومت کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
پانچ بار کے ایم ایل اے وقارآباد کے سابق ایم ایل اے کچھ عرصے سے پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں۔پچھلے مہینہ بی جے پی ایم ایل اے ایٹالہ راجندر چندر شیکھر کے گھر گئے تھے تاکہ انہیں پارٹی نہ چھوڑنے پر راضی کر سکیں۔
ایٹالہ راجندر جنہیں حال ہی میں تلنگانہ کے لئے بی جے پی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھانے انہیں جلد بازی میں کوئی اقدام نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
چندر شیکھر نے راجندر کو پارٹی میں درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے شکایت کی کہ اگرچہ وہ ڈھائی سال قبل بی جے پی میں شامل ہوئے تھے لیکن انہیں کوئی عہدہ نہیں دیا گیا۔
چندر شیکھر نے 2021 میں بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے کانگریس چھوڑ دی تھی۔ وہ اس سے پہلے 1985 سے 2008 تک پانچ بار وقارا آباد حلقہ سےرکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔
بعد میں انہوں نے TRS (اب BRS) میں شمولیت اختیار کی اور 2004 میں TRS کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ انہوں نے متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس کی قیادت والی مخلوط حکومت میں وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
بعد میں وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے 2021 میں بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے پارٹی چھوڑ دی۔چندر شیکھر کا استعفیٰ سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں بی جے پی کے لیے ایک اور جھٹکا ہے۔امکان ہے کہ وہ 18 اگست کو نئی دہلی میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے۔
