Women Arrest

خاتون کے قتل کے مقدمہ میں ملزم کو عمر قید کی سزا اور جرمانہ عائد

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات
خاتون کے قتل کے مقدمہ میں ملزم کو عمر قید کی سزا اور جرمانہ عائد
جگتیال:۔10؍فروری
( زین نیوز)
خاتون کے قتل کے مقدمہ میں ضلع جج محترمہ نیلیماں نے کیس کی سماعت کے بعد ملزم کو عمر قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔تفصیلات کے مطابق ضلع جگتیال کے دھرمارم منڈل کے پتی پاکا گاؤں سے تعلق رکھنے والے کنک منو کا کی دو بیٹیاں تھیں۔
ان کی چھوٹی بیٹی لتا کی شادی موضع گودور گاؤں، ولگاٹور منڈل کے رہائشی دیویا سے ہوئی۔ لتا کا شوہر روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک جایا کرتا تھا۔ اسی دوران گودور گاؤں کا رہائشی بوئینی رمیش نامی شخص وقتاً فوقتاً لتا کے گھر آتا جاتا تھا۔7 جنوری 2021 کی رات تقریباً 11 بجے رمیش لتا کے گھر آیاجہاں ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔
 اس دوران رمیش نے غصے میں آ کر لتا کا گلا سختی سے دبایا، جس کی وجہ سے اس کی ناک سے خون بہنے لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ مقتولہ کی والدہ کی شکایت پر ولگاٹور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد ملزم بوئینی رمیش کو عدالت میں پیش کیا۔
ضلع جج محترمہ نیلیماں نے کیس کی سماعت کے بعد ملزم کو عمر قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔اس مقدمہ میں سرکاری وکیل کی حیثیت سے ملکارجن نے خدمات انجام دیں، جب کہ تفتیشی افسران پرم کمار، کشور، رام چندر راؤ اور کوٹیشور نے کیس کی تفتیش میں اہم کردار ادا کیا۔
عدالت میں کانسٹیبل شری دھر، CMS SI سری کانت اور CMS PC ایم کرن کمار نے ملزم کے خلاف شواہد پیش کیے۔ملزم کو سزا دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے پولیس افسران کی خدمات پر ضلع ایس پی نے انہیں مبارکباد دی۔