کیش فار کوئری کیس: مہوا موئترا کی لوک سبھا کی رکنیت ختم
مجھے جھکانے کے لیے ہر اصول توڑا گیا۔ ایم سی ایم پی مہوا موئترا
دہلی:۔8؍ڈسمبر
(زین نیوز ڈیسک)
کیش فار کوئری کیس میں ملوث ٹی ایم سی ایم پی مہوا موئترا کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم ہوگئی ہے۔ ایتھکس (اخلاقیاتی )کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ان کی برطرفی کی تجویز پیش کی گئی۔ اس کے بعد ووٹنگ ہوئی۔ تاہم مہوا موئترا کو نکالنے کے لیے جیسے ہی ایوان میں ووٹنگ شروع ہوئی اپوزیشن نے اس کا بائیکاٹ کردیا۔
ووٹنگ کے بعد لوک سبھا اسپیکر نے مہوا موئترا کے خلاف برخاستگی کی تحریک منظور کی۔ لوک سبھا سے نکالے جانے کے بعد مہوا موئترانے کہا کہ لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی نے مجھے جھکانے کے لیے بنائی گئی اپنی رپورٹ میں ہر اصول کو توڑا۔
اس سے پہلے بھی بحث کے دوران لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے مہوا موئترا کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پینل میٹنگ میں بولنے کا موقع ملا۔
ایوان سے نکالے جانے کے بعد مہوا موئترا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کو میرے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے لیکن مجھے جان بوجھ کر پھنسایا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آپ مجھے کتنی ہی تکلیف دیں، میں ہر بار اپنے خیالات کا اظہار کروں گی۔
مزید یہ کہ مہوا موئترا نے الزام لگایا کہ میں نے ایوان میں اڈانی کا مسئلہ اٹھایا تھا اس لیے ایسا کیا گیا ہے اور میری رکنیت ختم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔ ایتھکس کمیٹی نے مسئلے کی جڑ تک پہنچے بغیر مجھے قصوروار ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حلف نامے میں کچھ اور ہے اور یہاں کچھ اور پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایتھکس کمیٹی کے تحقیقاتی عمل پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ کمیٹی نے مکمل تحقیقات نہیں کیں۔
مہوا موئترا نے سوال اٹھایا ہے کہ الزامات لگانے والے تاجر کو کیوں نہیں بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران انہیں بلایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوان کو نکالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے خلاف پورا کیس لاگ ان کی تفصیلات شیئر کرنے پر مبنی ہے، لیکن اس پہلو کے لیے کوئی اصول مقرر نہیں ہے۔
مہوا موئترا نے یہ بھی کہا کہ ارکان پارلیمنٹ عام عوام کے سوالات کو پارلیمنٹ تک لے جانے میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں، ‘کینگارو کورٹ (غیر قانونی عدالت) نے مجھے بغیر کسی ثبوت کے سزا دی۔ واضح رہے کہ مہوا موئترا پر پیسے لینے اور ایوان میں سوال پوچھنے کا الزام ہے