جگتیال میں بین ضلعی عادی سارق گرفتار، 16 تولہ سونا برآمد

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات

جگتیال میں بین ضلعی عادی سارق گرفتار، 16 تولہ سونا برآمد

جگتیال، 6 اگست

(زین نیوز) 

جگتیال پولیس اسٹیشن میں صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی ایس پی رگھو چندر نے بتایا کہ پولیس نے ایک بین ضلعی "ڈاسئر کرمنل” عادی مجرم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 16 تولہ سونے کے زیورات اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔

گرفتار شخص کی شناخت اَتّینینی چندر موہن عرف چَندُو ولد ستّیّا، عمر 29 سال، قوم مُنّورُکاپو، ساکن آیودھیا گاؤں، منڈل رائیکل، ضلع جگتیال، کے طور پر کی گئی ہے۔

وہ اس وقت بھی رائیکل میں ہی مقیم تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم ایک پرانا ڈاسئر کرمنل ہے جس کے خلاف تلنگانہ کی مختلف اضلاع میں چوری کے 25 سے زائد مقدمات درج ہیں، اور وہ پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھی جا چکا ہے۔

رواں ماہ 6 اگست 2025 کو جگتیال ٹاؤن کے شنکل پلی ایڈلہ بومّا کے قریب پولیس چیکنگ کے دوران چندر موہن کو حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں پنچ گواہوں کی موجودگی میں تفتیش کے دوران اس نے گزشتہ سات چوریوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

اس کے قبضے سے پولیس نے 16 تولہ سونے کے زیورات اور ایک دو پہیہ گاڑی برآمد کی۔ ملزم کو جگتیال پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔اس کارروائی میں ٹاؤن انسپکٹر پی. کروناکر نے بھی اہم کردار ادا کیا۔