حیدرآباد میں غیر مسلم شخص نے نام بدل کر تین شادیاں کر کے لڑکیوں کو لوٹ لیا
حیدرآباد:19؍اگست
(زین نیوز ڈیسک)
حیدرآباد کےعطاپور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے محبت کے نام پر کالج کی لڑکیوں کو اپنے جال میں پھانس کر شادی کے بعد انہیں دھوکہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ رفیع عرف روی کمار نامی اس شخص نے پہلے لڑکیوں کو اپنی باتوں میں الجھایا، ان کے نجی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کیا اور اس کے بعد شادی رچا لی۔
تفصیلات کے مطابق، روی کمار نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے اپنا نام بدل کر رفیع رکھ لیا اور اسی جھوٹے نام سے متعدد لڑکیوں کو دھوکہ دیا۔ اس نے کم از کم تین خواتین سے شادیاں کیں اور بعد ازاں ان کے ساتھ مالی اور جذباتی استحصال کیا۔اس دوران رفیع نے اپنی بیویوں پر دباؤ ڈالنے اور انہیں قابو میں رکھنے کے لئے نجی ویڈیوز کا سہارا لیا۔
تاہم تیسری بیوی اس کے ظلم و ستم اور ذہنی اذیت کو برداشت نہ کر سکی اور بالآخر عطاپور پولیس سے رجوع کیا۔متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید متاثرین سامنے آنے کی صورت میں اس کے خلاف مزید دفعات شامل کی جا سکتی ہیں۔
اس واقعہ کے بعد شہریوں میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی بچیوں کو ایسے فراڈ پیشہ افراد سے ہوشیار رکھیں جو محبت اور شادی کے نام پر دھوکہ دہی کرتے ہیں۔