بس 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی، 38 افراد ہلاک
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں واقعہ
جموں:۔15؍نومبر
(زین نیوز)
ملک کی پہاڑی ریاست جموں و کشمیر میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔جموں و کشمیر کے ڈوڈا ضلع کے اسار علاقے میں بدھ (15 نومبر) کو مسافروں سے بھری ایک بس 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔
اس حادثے میں 38 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 19 افراد زخمی ہیں۔ ان میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشتواڑ سے جموں جانے والی بس اسار علاقے میں ترنگل کے قریب سڑک سے بے قابو ہوکر کھڑی ڈھلوان سے نیچے جاگری۔
#WATCH | At least five people died in a bus accident in Assar region of Doda in J&K. Injured shifted to District Hospital Kishtwar and GMC Doda. Details awaited. pic.twitter.com/vp9utfgCBR
— ANI (@ANI) November 15, 2023
بتایا جا رہا ہے کہ بس کشتواڑ سے جموں جا رہی تھی۔ اس دوران بس سڑک سے پھسل کر کھائی میں جاگری۔ بس میں 55مسافر سوار تھے۔ واقعے کے بعدبچاؤ ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
زخمیوں کو کشتواڑ ڈسٹرکٹ ہسپتال اور گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو ہوائی جہاز سے جموں لے جایا گیا ہے۔پولیس اوربچاؤ ٹیموں سمیت مقامی عہدیدار امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور سانحہ کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
ڈوڈہ میں پولیس کنٹرول روم سے ملنے والی ابتدائی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 30 یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بعد میں بتایا کہ اس واقعے میں اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ رجسٹریشن نمبر JK02CN-6555 والی بس میں مبینہ طور پر 55 مسافر سوار تھے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ بٹوٹ-کشتواڑ قومی شاہراہ پر ترنگل-اسر کے قریب سڑک سے پھسل کر 300 فٹ نیچے گر گئی۔
اس واقعہ کے بارے میں مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا بدقسمتی سے 5افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو ضرورت کے مطابق ضلع ہسپتال کشتواڑ اور جی ایم سی ڈوڈا منتقل کیا جا رہا ہے۔
مزید زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کے انتظامات کیے جائیں گے۔ ضرورت کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ میں مسلسل رابطہ میں ہوں۔ڈوڈہ ضلع میں ایک ہفتے میں یہ دوسرا بڑا بس حادثہ ہے۔
