سوشل میڈیا انفلوئنسر سے شادی کا مطالبہ کرنے والا نوجوان حملے میں ہلاک
گھر میں زبردستی داخل ہوکر شادی کا مطالبہ
اہل خانہ کے مبینہ حملے میں نوجوان شدید زخمی، ہسپتال میں دم توڑ گیا
نئی دہلی:۔21/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
سوشل میڈیا پر معروف انفلوئنسر کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھتے دیکھتے یک طرفہ محبت میں مبتلا ہونے والا نوجوان مبینہ طور پر اس کے گھر پہنچ کر شادی کا مطالبہ کرنے لگا، جس کے بعد تنازع پیدا ہوگیا۔ نوجوان کو انفلوئنسر کے اہل خانہ اور بعض مقامی افراد نے مبینہ طور پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک ہفتہ علاج کے بعد اس کی موت ہوگئی۔
یہ واقعہ مشرقی دہلی کے مدھو وہار علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے معاملے میں انفلوئنسر کے والد اور ایک پڑوسی کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ حملے میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور تلاش جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق نیہا بشت سوشل میڈیا کی معروف انفلوئنسر ہیں اور ان کے انسٹاگرام پر 6 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہتے ہوئے اپنی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی ہیں۔
اترپردیش کے غازی پور سے تعلق رکھنے والا ابھینو چنئی میں ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور نیہا بشت کی ویڈیوز باقاعدگی سے دیکھا کرتا تھا۔ وہ ان کی پوسٹس پر لائیک اور تبصرے بھی کرتا تھا۔ اسی دوران وہ مبینہ طور پر نیہا بشت کی یک طرفہ محبت میں مبتلا ہوگیا۔بتایا جاتا ہے کہ ابھینو پہلے بھی مداح کی حیثیت سے نیہا بشت کے گھر گیا تھا۔
تاہم نیہا بشت نے حال ہی میں ایک شخص سے منگنی کرلی تھی اور اس سلسلے میں تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ ان کی منگنی کی اطلاع ملنے کے بعد ابھینو مبینہ طور پر 7 نومبر کو چنئی سے دہلی پہنچا اور مشرقی دہلی کے مدھو وہار میں واقع نیہا بشت کے گھر میں زبردستی داخل ہوگیا۔ اس نے نیہا سے شادی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد گھر میں تنازع پیدا ہوگیا۔
ابھینو کے رویے سے ناراض نیہا بشت کے اہل خانہ اور بعض مقامی افراد نے مبینہ طور پر اس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ موقع پر پہنچنے والے پولیس عہدیداروں نے ابھینو کو شدید زخمی حالت میں راجیو گاندھی اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ ایک ہفتہ تک زیر علاج رہا، تاہم 15 نومبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نیہا بشت کے والد وریندر بشت اور ایک پڑوسی کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوع کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا ہے اور حملے میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے اور مزید ملزمان کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔
