ایک ملک اور ایک انتخابات کی مخالفت ۔جامع انتخابی اصلاحات کا مطالبہ

تازہ خبر تلنگانہ
 ‘بی جے پی و آر ایس ایس کی تقسیم کی پالیسیوں سے ملک کی بربادی  ۔سی پی آئی 
حیدرآباد:۔2؍جنوری
(زین نیوزبیورو)
 ایک ملک ایک انتخابات کے تصور کی مخالفت کرتے ہوئے  کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی)نے جامع انتخابی اصلاحات کی مانگ کے ساتھ کہا کہ موجودہ انتخابی نظام آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہے جیسا کہ ووٹرس توقع کرتے ہیں۔
سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ متناسب نمائندگی کا نظام ایک جہت ہے لیکن دوسری جہت فنڈنگ ہے۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی حکومت نے الیکٹورل بانڈ سسٹم متعارف کرایا تھا اور سی پی آئی نے اس نظام اور انتخابات کی کارپوریٹ فنڈنگ کی شدید مخالفت کی تھی۔
بی جے پی وہ اہم پارٹی تھی جو الیکٹورل بانڈ سسٹم کا فائدہ اٹھا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس نے انتخابی بانڈس کے ذریعہ بڑی رقم جمع کی ہے۔بی جے پی نے ملک میں ایک خوفناک صورتحال پیدا کیا ہے، انتخابات کرانے کے مقصد کو ہی شکست دی ہے۔
 درحقیقت، اندراجیت گپتا کمیٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کا میدان فراہم کرنے کیلئے انتخابات  کے تئیں ریاستی فنڈنگ کی تجویز پیش کی تھی۔جب کہ اس تجویز کو ایک طرف رکھا گیا تھا ایک ملک اور ایک انتخابات کے تصور پر زور دیا جا رہا تھا جس پر عمل درآمد کرنا ناقابل عمل اور ناممکن تھا۔
 انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک کثیر الجماعتی جمہوریت ہے اس لئے یہاںیہ تصور کام نہیں کرتا۔نوٹ بندی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں، سی پی آئی جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ ایک منقسم فیصلہ ہے اور متفقہ نہیں ہے۔
اقتصادی طورپرکمزور کے تحفظات کیس کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔یکطرفہ فیصلے لیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کوئی بحث نہیں ہوئی اور ریزرو بینک آف انڈیا کو بھی اس وقت مطلع نہیں کیا گیا تھا جب نوٹ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔
بدقسمتی سے مشق کے ذریعہ ایک بھی مقصد حاصل نہیں کیا گیا بلکہ عام لوگوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعظم نے بیرون ملک بینکوں میں جمع کالے دھن کو واپس لانے، دہشت گردی کی فنڈنگ کو روکنے اور ہر فرد کے اکانٹ میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
 انہوں نے نشاندہی کی کہ ان   میں سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔یہ بتاتے ہوئے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اپنی تقسیم کی پالیسیوں سے ملک کو برباد کر رہے ہیں، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری نے مودی حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے متحدہ لڑائی لڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔
راجہ نے کہا، میں تمام سیکولر اور جمہوری قوتوں سے ہاتھ ملانے اور 2024 کے عام انتخابات میں بی جے پی کی شکست کیلئے جدوجہد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔اس موقع پرسی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامباشیوا راؤبھی موجود تھے۔