راجیو گاندھی نے جدید بھارت کی بنیاد رکھی، ٹیکنالوجی سے ملک کو مربوط
وزیراقلیتی بہبود اڈلور ی لکشمن کمار اور سابق وزیر ٹی جیون ریڈی کا خطاب
جگتیال، 21؍ اگست
(زین نیوز)
جگتیال ضلع مرکز کے اندرا بھون میں سابق وزیرِاعظم راجیو گاندھی کی جینتی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود ایس سی، ایس ٹی، اقلیتی بہبود جناب اڈلور لکشمن کمار اور سابق وزیر جناب ٹی جیون ریڈی نے ان کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک میں سیاسی بے وفائی اور پارٹی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے 1985 میں پارٹی انحراف مخالف قانون نافذ کیا، جس کے نتیجے میں جمہوری نظام مزید مستحکم ہوا۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ووٹ کی عمر 21 سے گھٹا کر 18 برس کی تاکہ ہر نوجوان ملک کی تعمیر میں براہِ راست کردار ادا کرسکے۔انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے بھارت کو جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کے دور میں داخل کرنے کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے عالمی سطح کے ماہرین کو بطور مشیر مقرر کرکے نوجوان نسل کے لیے ٹیکنالوجی کے دروازے کھولے اور بھارت کو ایک ترقی یافتہ و مربوط ملک بنانے کی سمت قدم بڑھائے۔جیون ریڈی نے مزید کہا کہ مقامی اداروں کو صرف انتخابات تک محدود نہ رکھا گیا بلکہ مالی وسائل کی براہِ راست فراہمی کا نظام بنایا گیا تاکہ دہلی سے لے کر گاؤں تک فنڈز پہنچ سکیں۔ خواتین اور کمزور طبقات کے لیے 33 فیصد ریزرویشن بھی انہی کی دین ہے۔
انہوں نے کہا کہ "اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کی سالمیت اور یکجہتی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ ایسے رہنما ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہر کانگریسی کارکن کو ان کی قربانی پر فخر ہونا چاہیے۔”ریاستی وزیر اڈلور لکشمن کمار کا خطابریاستی وزیر اڈلور لکشمن کمار نے کہا کہ راجیو گاندھی نے خطرات کو نظرانداز کرتے ہوئے ملک کی یکجہتی کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی ہی وہ رہنما ہیں جنہوں نے کمپیوٹر اور کمیونیکیشن نظام کو بھارت میں متعارف کراکر ملک کو ترقی یافتہ اقوام کے برابر کھڑا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج گاؤں کے سَرپنچوں کو جو مکمل اختیارات حاصل ہیں اور جو مرکزی فنڈز براہِ راست پنچایت تک منتقل ہوتے ہیں، وہ راجیو گاندھی کے دور کی دین ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو 18 برس کی عمر میں ووٹ کا حق دلوایا اور خواتین کو ریزرویشن فراہم کیا۔اڈلور لکشمن کمار نے کہا کہ "اندرا گاندھی کی غریب ہٹاؤ پالیسی اور راجیو گاندھی کے جدید نظریات نے بھارت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ بڑے آبی منصوبے اور کسان دوست اسکیمیں ان رہنماؤں کی دور اندیشی کا نتیجہ ہیں۔
"انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی نے قوم کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور کانگریس پارٹی ہر طبقے کے لیے سہارا بنی رہے گی۔اس موقع پر سابق چیئرمین وجہ لکشمی ‘کانگریس قائدین بنڈا شنکر‘ کوتہ موہن ‘محمد مکثر علی نہال‘منیر الدین‘شیخ چاند‘اور دیگرموجودتھے
