Moulana nazar ul Haq

اصلاحِ معاشرہ اور دینی بیداری کے لیے علماء وائمہ کی بھرپور شرکت ضروری

تازہ خبر تلنگانہ مذہبی
اصلاحِ معاشرہ اور دینی بیداری کے لیے علماء وائمہ کی بھرپور شرکت ضروری
علماء، ائمہ، خطباء سے تربیتی اجلاس میں مولانا نظرالحق دیناجپوری کی شرکت اپیل 
کاماریڈی :۔9؍اکتوبر
(پریس نوٹ)
جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی کے زیرِ اہتمام ایک نہایت اہم تربیتی اجلاس ۱۴ اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز منگل، بمطابق ۲۱ ربیع الثانی ۱۴۴۷ھ کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس مسجدِ نور، مدرسہ مصباح الہدیٰ، کاماریڈی میں صبح ۹ بجے سے دوپہر ۱۲ بجے تک جاری رہے گا۔
 اجلاس کی صدارت عمیدُالعلماء حضرت مفتی محمد غیاث الدین صاحب رحمانی قاسمی دامت برکاتہم (صدر، جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا) فرمائیں گے، جبکہ مہمانِ خصوصی جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی صاحب دامت برکاتہم (نائب صدر، جمعیۃ علماء ہند و چیئرمین، حضرت مولانا حسین احمد مدنی ٹرسٹ) ہوں گے۔
 اس موقع پر حضرت مولانا مفتی محمود زبیر قاسمی صاحب مدظلہ العالی (جنرل سکریٹری، جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش) سمیت دیگر اکابر و علمائے کرام کے مفید بیانات و ارشادات ہوں گے۔ اجلاس میں مختلف اہم موضوعات پر خطابات ہوں گے، جن میں اصلاحِ معاشرہ اور شرعی رہنمائی، مکاتبِ قرآنیہ کی تنظیم و استحکام، تحفظِ مساجد و اوقاف، اجلاس کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کا کلیدی خطاب اور صدارتی کلمات ہوں گے۔
مولانا نظرالحق دیناجپوری (صدر، جمعیۃ علماء منڈل کاماریڈی) نے عوام و خواص، خصوصاً علماء، ائمہ، خطباء اور دینی کارکنان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کے ساتھ اس اجلاس میں ضرور شریک ہوں تاکہ ملت کی فکری بیداری، اصلاحِ معاشرہ، اور دینی نظم و استحکام کے مقصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔ مولانا نے کہا کہ یہ وقت امت کے اتحاد، نظم و ضبط، اور عملی خدمت کا ہے۔ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر آگے آنا ہوگا،
 یہ پروگرام حافظ یوسف صاحب (کنوینر اجلاس) اور صدر جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی فہیم الدین منیری کی خصوصی کاوشوں سے منعقد ہو رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس تربیتی اجلاس کو بارآور اور ملت کے لیے نافع بنائے