دہلی میں گزشتہ 12 سالوں سے برسراقتدار رہنے والی حکومت کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا سخت رویہ
ریکھا گپتا دہلی کی 9ویں وزیر اعلیٰ بنیں۔وزیر اعظم کی موجودگی میں حلف
ریکھا گپتا دہلی کی 9ویں وزیر اعلیٰ بنیں۔وزیر اعظم کی موجودگی میں حلف
نئی دہلی :۔20؍فروری
(زین نیوز ڈیسک)
دہلی کے شالیمار باغ حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہونے والی ریکھا گپتا دہلی کی 9 ویں وزیر اعلیٰ بن گئیں۔ انہوں نے رام لیلا میدان میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیا۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے سی ایم اور ڈپٹی سی ایم بھی موجود تھے۔
ریکھا گپتا کے ساتھ 6 وزراء نے بھی حلف لیا۔ اس میں پرویش ورما، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندراج سنگھ، کپل مشرا اور پنکج کمار سنگھ شامل ہیں جنہوں نے اروند کیجریوال کو شکست دی۔
وہ سشما سوراج، شیلا ڈکشٹ اور آتشی کے بعد دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی حلف لینے سے پہلے ریکھا گپتا نے جمعرات کی صبح میڈیا سے کہاکہ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ میں وزیر اعظم نریندرمودی اور پارٹی ہائی کمان کا مجھ پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتی ہوں۔
میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں دہلی کی وزیر اعلیٰ بنوں گی۔ میں اپنی ذمہ داری پوری صلاحیت، طاقت اور ایمانداری کے ساتھ نبھاؤں گی۔نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی ترجیحات پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہے، جبکہ دوسری ترجیح پی ایم نریندر مودی کے دہلی ویژن کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمارے تمام 48 ایم ایل اے مل کر ‘ٹیم مودی’ کے طور پر کام کریں گے اور تمام وعدے مقررہ وقت کے اندر پورے کیے جائیں گے۔
عام آدمی پارٹی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ 12 سالوں سے برسراقتدار رہنے والی حکومت کو کرپشن کے ہر معاملے پر عوام کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا۔
اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پر ریکھا گپتا کو دہلی کا وزیر اعلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریکھا گپتا نے کہا کہ میں اروند کیجریوال کی خواہشات کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، اگر وہ دہلی کے مفاد میں کام کریں تو یہ اور بھی بہتر ہوگا۔
کانگریس قائدالکا لامبا کے ساتھ اپنی پرانی دوستی کو یاد کرتے ہوئےریکھا گپتا نے کہا کہ وہ اور الکا لامبا دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین میں ایک ساتھ تھے۔ اس وقت الکا لامبا صدر تھیں، جب کہ ریکھا گپتا جنرل سکریٹری تھیں۔ انہوں نے الکا لامبا کی خواہشات کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بی جے پی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ کا نام شیش محل رکھا۔ اروند کیجریوال نے اسے بنایا تھا۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ کیجریوال نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی تعمیر میں کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں۔ بی جے پی نے اسے انتخابی ایشو بھی بنایا تھا۔