Superim Court

سپریم کورٹ کا ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچ منسوخ کرنے کی عرضی پر سخت ردعمل 

تازہ خبر قومی
سپریم کورٹ کا ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچ منسوخ کرنے کی عرضی پر سخت ردعمل 
نئی دہلی:۔11؍ستمبر
( انٹرنیٹ ڈیسک)
سپریم کورٹ نے ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کو منسوخ کرنے کی عرضی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ عرضی گزار نے اسے فوری سماعت کے لیے پیش کرنے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اتنی بھی کیا عجلت ہے؟ یہ صرف ایک میچ ہے، ہونے دیں۔ میچ اتوار کو ہے، اس میں کیا کرنا ہے؟”
جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس وجے بشنوئی پر مشتمل بنچ نے وکیل سے سوال کیا کہ ایسی عرضی کو اتنی اہمیت کیوں دی جا رہی ہے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر اس معاملے کو جمعہ کے عدالتی فہرست میں شامل نہ کیا گیا تو عرضی بے معنی ہو جائے گی، کیونکہ میچ 14 ستمبر کو طے ہے۔
عرضی گزار اور وکیل اروشی جین نے عدالت میں کہا کہ یہ میچ پاہلگام دہشت گرد حملے اور آپریشن ’’سندور‘‘ کے بعد ہو رہا ہے، اس لیے یہ قومی جذبات اور وقار کے منافی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے سے غلط پیغام جائے گا جبکہ ہندوستانی فوجی اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔
عرضی میں کہا گیا کہ دہشت گردی کا شکار ہونے والے خاندان بھی اس میچ سے دلی تکلیف محسوس کریں گے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک کی عزت اور شہریوں کی سلامتی محض تفریح سے زیادہ اہم ہے، اور ایسے میچز قومی مفاد کے خلاف ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے تحت ہند-پاکستان کا میچ 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے اور اس کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔