شانتی کماری سومیش کمار کی جگہ چیف سکریٹری  مقرر

تازہ خبر تلنگانہ
نئے عہدہ کاجائزہ‘پہلی خاتون ہونے کا اعزاز
چیف منسٹر سے ملاقات‘2025تک عہدہ پر برقراری کاامکان
حیدرآباد:۔11؍جنوری
(زین نیوزبیورو)
مسزاے شانتی کماری کو جو1989کے آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھتی ہیں تلنگانہ ریاستی حکومت کا نیا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں  جی او  آر ٹی نمبر71 مورخہ11؍جنوری کی اجرائی عمل میں لائی۔
مسز شانتی کماری ریاست تلنگانہ کی پہلی خاتون چیف سکریٹری (سی ایس)کا عہدہ سنبھالیں گی۔
شانتی کماری نے آج پرگتی بھون  پہنچ کر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھرراؤکا شکریہ ادا کیا کہ انہیں چیف سکریٹری بننے کا موقع فراہم کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے انہیں مبارکباد دی۔
مسز شانتی کماری ایم ایس سی میرین بائیولوجی کی تعلیم حاصل کرنے   کے علاوہ امریکہ میں ایم بی اے مکمل کیا۔
 آئی اے ایس  عہدیدار کی حیثیت گزشتہ تین دہائیوں کے دوران، انہوں نے غربت کے خاتمے، جامع ترقی، تعلیم، طب و صحت کے شعبوں،  فروغ ہنر مندی  اور محکمہ جنگلات میں  خدمات انجام دیں۔
دو سال تک اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگراموں میں کام کیا۔ اس سے قبل، انہوں نے چیف منسٹر کے دفتر میں پرنسپل سکریٹری اور ٹی ایس آئی پاس میں انڈسٹری چیسنگ سیل کے خصوصی سکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
 مسزشانتی کماری اس وقت محکمہ جنگلات میں اسپشیل چیف سکریٹری کے عہدہ پر کام کر رہی ہیں۔حکومت تلنگانہ نے سینئر آئی اے ایس  عہدیدار مسزاے شانتی کماری کو سومیش کمار کی جگہ چیف سکریٹری بنایا ہے۔جن کا تلنگانہ کو الاٹمنٹ سنٹرل ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل کے حکم کے ذریعہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے منسوخ کر دیا تھا۔
بعد ازاں شانتی کماری نے یہاں بی آر کے آربھون میں مختلف محکموں کے سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں ریاست تلنگانہ کے چیف سکریٹری کے طور پر چارج سنبھال لیا۔انہوں نے قبل ازیں محکمہ صحت وطبابت میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔
انہوں نے متحدہ آندھراپردیش میں میدک کی کلکٹر کے طورپر بھی کام کیا تھا۔موجودہ چیف سکریٹری سومیش کمار کی خدمات گذشتہ روز تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے اے پی کے لئے الاٹ کئے جانے کے بعد اس اہم عہدہ پر ان کی برقراری پر تجسس تھا۔
عدالت کے اس فیصلہ کے بعد ہی مرکزی حکومت نے ان کی خدمات پڑوسی ریاست منتقل کرنے کے احکام جاری کئے تھے ۔اس کے ساتھ ہی تلنگانہ حکومت نے نئے چیف سکریٹری کی تلاش کیلئے کوششوں کاآغاز کردیا تھا۔
شانتی کمار ی 2025میں سبکدوش ہوں گی۔ چیف منسٹر نے ان کو اس نئی ذمہ داری پر مبارکباد پیش کی اورنیک تمناوں کااظہا رکیا۔