شرد پوار نے 4 دن میں پنا استعفیٰ واپس لیا

تازہ خبر قومی
شرد پوار نے 4 دن میں استعفیٰ واپس لیا
پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کے جذبات کی توہین نہیں کر سکتا
ممبئی:۔4؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
 مئی  2 کو این سی پی صدر کا عہدہ چھوڑنے والے شرد پوار نے 4 دن کے اندر اپنا استعفیٰ واپس لے لیا۔ یہ جانکاری انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دی۔ پوار نے کہاکہ میں پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کے جذبات کی توہین نہیں کر سکتا۔ میں کور کمیٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور اپنا فیصلہ واپس لیتا ہوں۔ تاہم اجیت پوار اس پریس کانفرنس سے دور رہے۔
پارٹی کی کور کمیٹی کی میٹنگ آج صبح 11 بجے ممبئی میں ہوئی، جس میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پرفل پٹیل نے پوار کے استعفیٰ کو مسترد کرنے کی قرارداد پیش کی۔ اس کے بعد کمیٹی کے باقی ارکان نے بھی اس کی حمایت کی۔ پٹیل دوپہر 12 بجے کے قریب میڈیا کے سامنے آئے اور اس فیصلے کی جانکاری دی۔ اس کے بعد سبھی لیڈر اپنے فیصلے کی اطلاع دینے پوار کے گھر پہنچے۔
ساڑھے پانچ گھنٹے بعد یعنی شام ساڑھے پانچ بجے شرد پوار نے پریس کانفرنس بلائی اور اپنا استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا۔ تاہم اس دوران ان کے بھتیجے اور مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجیت پوار موجود نہیں تھے۔ جب پوار سے اس پر سوال کیا گیا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ تمام لیڈر متحد ہیں۔
پوار نے تنظیم میں ردوبدل کا اشارہ دیاپوار نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ مستقبل میں این سی پی کے جانشین کے بارے میں منصوبہ بنانا ہوگا۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ پارٹی کی قیادت کون کرے گا۔ پارٹی میں تنظیمی تبدیلی پر بھی توجہ دیں گے۔ پوار نے کہا کہ اب وہ پارٹی کے لیے نئے جوش کے ساتھ کام کریں گے۔
پرفل پٹیل نے کہاکہ شرد پوار جی نے ہمیں بتائے بغیر فیصلہ لیا۔ تمام پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے مطالبے پر کمیٹی نے ان کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔ ہم نے ان سے پارٹی صدر کی حیثیت سے برقرار رہنے کی اپیل کی ہے۔ ہم نے ان سے اپیل کی ہے کہ ملک اور پارٹی کو آپ کی ضرورت ہے۔
 صرف این سی پی ہی نہیں دیگر پارٹیوں نے بھی پوار کو صدر کے طور پر جاری رہنے کی درخواست کی ہے۔ پٹیل نے کہا- شرد پوار جی کا قد اور ان کا احترام الگ ہے۔ ہم اب نئے صدر کا انتخاب نہیں کر سکیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پوار صاحب اپنی مدت پوری کریں۔
دیگر پارٹیوں کے لیڈروں نے بھی پوار سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی اپیل کی۔پوار نے2 مئی کو صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ استعفے کے اعلان کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور تمل ناڈو کے سی ایم ایم کے اسٹالن نے بھی جمعرات کو پوار سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی اپیل کی تھی۔ این سی پی ذرائع کے مطابق استعفیٰ دینے کے چند گھنٹے بعد دونوں نے سپریا سولے کو فون کیا اور پوار سے وضاحت کرنے کو کہا۔ کئی غیر بی جے پی جماعتوں کے قائدین نے انہیں اگلے لوک سبھا انتخابات تک پارٹی صدر کے طور پر برقرار رہنے کا مشورہ دیا۔