تلنگانہ بی جے پی کی 17؍ستمبرسے قبل بائیک ریلی
17؍ ستمبر کو سرکاری طور پر تلنگانہ لبریشن ڈے منانے کا مطالبہ
حیدرآباد:۔15؍ ستمبر
(زین نیوز)
مرکزی وزیر برائے سیاحت و ثقافت اور ریاستی بی جے پی صدر جی کشن ریڈی نے آج تلنگانہ کی یوم آزادی کی تقریب کے حصہ کے طور پر بائیک ریلی کی قیادت کی۔ ریڈی نے پارٹی کے کئی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ سے بائیک ریلی کا آغاز کیا۔
تلنگانہ کیلئے بی جے پی کے انتخابی انچارج اور سابق مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے ورنگل ضلع کے سکندرآباد سے پرکال تک ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور نعرے بلند کرتے ہوئے شرکاء پرکال کی طرف روانہ ہوئے ۔300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد یہ ریلی ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگی ۔
بی جے پی ریاستی حکومت سے 17؍ ستمبر کو سرکاری طور پر تلنگانہ لبریشن ڈے کے طور پر منانے کا مطالبہ کر رہی ہے، نصابی کتابوں میں شہداء کے بارے میں اسباق کو شامل کیا جائے اور شہداء کی یادگاریں بھی قائم کی جائیں۔
وزیر امیت شاہ 17؍ ستمبر کو تلنگانہ آزادی کے دن کے موقع پر سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مرکز کی طرف سے منعقد کی جانے والی اہم سرکاری تقریب میں شرکت کریں گے۔ وہ مسلح افواج کی پریڈ کا جائزہ لیں گے۔
گزشتہ سال کی طرح، بھارت راشٹرا سمیتی(بی آر ایس) کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت نے17؍ ستمبر کو قومی یکجہتی کے دن کے طور پر منایاتھا اس سال بھی اس دن کو یوم قومی یکجہتی کے طورپر منائے گی ۔
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ باغ عامہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والی مرکزی سرکاری تقریب میں قومی پرچم لہرائیں گے جبکہ وزراء و عوامی نمائندے ضلعی کلکٹریٹس میں ترنگا لہرائیں گے۔
