تلنگانہ:دسویں جماعت کی ساتھی کے لیے نئی نویلی دلہن کا گلا گھونٹ دیا

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات
تلنگانہ:دسویں جماعت کی ساتھی کے لیے نئی نویلی دلہن کا گلا گھونٹ دیا
 ورنگل:۔26؍اگست
 (زین نیوز)
ورنگل ضلع کے مٹّیواڑہ تھانے کی پولیس نے ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں نئی نویلی دلہن کو قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت گنیش کے طور پر کی گئی ہے، جس نے اپنی بیوی گَوتَمی کو شادی کے صرف تین ماہ بعد موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس بات کا انکشاف اے ایس پی شُبھم پرکاش نے ورنگل ڈویژن دفتر میں پیر کو میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
تفصیلات کے مطابق سوریاپیٹ ضلع کے نووتنکلہ منڈل کے دیرشن پَلّی گاؤں سے تعلق رکھنے والے باداوت اشوک نے اپنی 20 سالہ بیٹی گوتَمی کی شادی 18 مئی کو محبوب آباد ضلع کے مریپیڈ منڈل کے بالیا تَنڈا گاؤں کے رہائشی گنیش سے کی تھی۔
 شادی کے موقع پر بطور جہیز 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی، دو تولہ سونے کی چین، انگوٹھی، گنیش کی والدہ کے لیے ایک تولہ سونے کی چین اور دلہن کے لیے 15 تولے زیورات دیے گئے تھے۔
مزید برآں 150 گز زمین دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔شادی کے بعد یہ جوڑا ورنگل کے ہنٹر روڈ پر واقع سائی نگر کالونی کے ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا جہاں گنیش آٹو رکشہ چلاتا تھا۔کچھ دن سب ٹھیک چلتا رہا، لیکن بعد میں گنیش اپنی بیوی کو مسلسل زمین کے لیے تنگ کرنے لگا۔
 اس پر دونوں خاندانوں کے بزرگوں کی موجودگی میں پنچایت ہوئی اور گوتَمی کے والد نے مزید ایک لاکھ روپے نقدی بطور سمجھوتہ ادا کی۔پولیس کے مطابق گنیش اپنی اسکول کی سابق ہم جماعت سے شادی کرنے کا خواہش مند تھا، لیکن بیوی گوتَمی اس کے راستے میں رکاوٹ بنی۔ اسی وجہ سے اُس نے سازش کے تحت 23 اگست کی نصف شب کو گوتَمی کو اُس وقت قتل کر دیا جب وہ گہری نیند میں تھی۔
 ملزم نے بیڈ شیٹ سے اس کا منہ دبایا اور دم گھونٹ کر مار ڈالا۔بعد ازاں گنیش نے مقامی لوگوں کو یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ اس کی بیوی اچانک طبیعت بگڑنے سے بیہوش ہوگئی ہے اور اسے ایم جی ایم ہسپتال لے جایا گیامگر وہاں سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے گنیش کی تلاش شروع کی اور بالآخر اسے ورنگل ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور قتل کی تفصیلات بیان کر دیں۔ پولیس نے گنیش کو باقاعدہ گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔