سی پی رادھا کرشنن ملک کے 15ویں نائب صدر منتخب
انڈیا اتحادکے امیدوار بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں سے شکست
نئی دہلی:۔ 9؍ ستمبر
(زیڈ این میڈیا سرویس)
سی پی رادھا کرشنن ملک کے 15ویں نائب صدر منتخب ہوگئے۔ این ڈی اے امیدوار رادھا کرشنن کو پہلی ترجیح کے 452 ووٹ ملے، جبکہ اپوزیشن انڈیا اتحاد کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کو 300 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس طرح رادھا کرشنن نے 152 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔
کانگریس نے دعویٰ کیا کہ 315 انڈیا اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ نے ووٹ ڈالا، لیکن اس کے باوجود امیدوار کو 15 ووٹ کم پڑے۔ بی آر ایس اور بی جے ڈی نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا، حالانکہ راجیہ سبھا میں بی آر ایس کے 4 اور بی جے ڈی کے 7 اراکین موجود ہیں۔
اسی طرح شرومنی اکالی دل، جس کا لوک سبھا میں صرف ایک رکن پارلیمنٹ ہے، نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ سابق نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے خرابی صحت کے باعث 21 جولائی کو اچانک استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی میعاد اگست 2027 تک باقی تھی۔کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن متحد رہی اور ہماری کارکردگی قابلِ احترام رہی ہے۔
انڈیا اتحاد کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کو 40 فیصد ووٹ ملے، جبکہ 2022 کے نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن کو صرف 26 فیصد ووٹ ملے تھے۔ بھلے ہی بی جے پی نے عددی برتری حاصل کی ہو، لیکن یہ ان کی اخلاقی شکست ہے۔ نظریاتی جدوجہد جاری رہے گی۔
