Kishan Reddy

تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت بننے پر مسلمانوں کا ریزرویشن ختم کر دیا جائے گا

تازہ خبر تلنگانہ

تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت بننے پر مسلمانوں کا ریزرویشن ختم کر دیا جائے گا
بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے لیڈر کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا
مرکزی وزیر و صدر تلنگانہ بی جے پی کشن ریڈی

حیدرآباد:۔30؍اکتوبر
(زین نیوز)
انتخابی ریاست تلنگانہ میں بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے کہنے کے بعد کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے لیڈر کو وزیر اعلیٰ بنائے گی اب تلنگانہ بی جے پی کے صدرنے ایک اور بڑا اعلان کر دیا ہے۔

مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی۔ کشن ریڈی نے اعلان کیا کہ اگر بی جے پی تلنگانہ میں برسراقتدار آتی ہے تو وہ مسلمانوں کو چار فیصد ریزرویشن ختم کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔

. عادل آباد اور پیدا پلی اضلاع سے بی آر ایس اور دیگر جماعتوں کے کئی قائدین کے بی جے پی میں شمولیت کے بعد کشن ریڈی نے پارٹی دفتر میں ایک میٹنگ سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ نوکریوں اور تعلیم میں مسلمانوں کو جو کوٹہ دیا گیا ہے وہ پسماندہ طبقات کو واپس دیا جائے گا

کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے مہم 3 نومبر سے تیز کی جائے گی۔ اور بہت سے مرکزی وزیر اور مرکزی رہنما اس مہم میں حصہ لیں گے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کے سوریہ پیٹ میں حالیہ اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ پسماندہ طبقے کے لیڈر کو وزیر اعلی بنائے گی انہوں نے کہا کہ اس سے تلنگانہ میں انقلاب آئے گا۔

کشن ریڈی نے کہا کہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں نے ہمیشہ او بی سی کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ اب بی جے پی ان کے خوابوں کو پورا کرے گی۔ آزادی کے بعد پہلی بار بی جے پی نے بی سی لیڈر نریندر مودی کو وزیر اعظم بنایا۔ پورے عزم کے ساتھ ملک میں کرپشن فری گورننس فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے ذریعہ کئے گئے وزیر اعلیٰ کے وعدے کو عوام کی طرف سے زبردست ردعمل مل رہا ہے۔ بی سی کی کئی تنظیمیں بی جے پی کی حمایت میں قراردادیں پاس کر رہی ہیں۔

بی جے پی کی عوام کو دیے گئے اپنے لفظ پر قائم رہنے کی تاریخ رہی ہے۔ وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وہ پہلی کابینہ میں کسی بھی خاتون کو وزیر بنانے میں ناکام رہے اور انہوں نے کبھی بی سی سب اسکیم کو لاگو نہیں کیا۔

کشن ریڈی مزیدنے کہاکہ کانگریس بی سی کو اپنا حصہ ریزرویشن دینے میں ناکام رہی اور بی سی کے لیے ریزرویشن چھیننے میں مجلس کی حمایت کی۔ اقلیتی ریزرویشن کے نام پر بی سی کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد ہم کابینہ کی پہلی میٹنگ میں اقلیتوں کے تحفظات کو ختم کریں گے۔

جی کشن ریڈی نے کہاکہ بی جے پی کے پاس اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے دنیا کے مشہور سائنسدان اے پی جے عبدالکلام کو ہندوستان کا صدر بنانے کی تاریخ رہی ہے۔

ہم نے دلت رہنما رام ناتھ کووند کو ہندوستان کا صدر بنایا اور اب قبائلی برادری سے آنے والی دروپدی مرمو ہندوستان کی صدر ہیں۔ ہم جو کہتے ہیں اس پر عمل درآمد کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔