Atm Theft

تلنگانہ : یوٹیوب سے بینک اور اے ٹی ایم لوٹنے کی ترکیب سیکھی، تین دوست گرفتار

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات

تلنگانہ : یوٹیوب سے بینک اور اے ٹی ایم لوٹنے کی ترکیب سیکھی، تین دوست گرفتار

میڑچل:۔ 16/اگست
(نمائندۂ خصوصی)

آسان پیسہ کمانے کی ہوس نے تین قریبی دوستوں کو بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں کی چوری تک پہنچا دیا۔حیرت انگیز انکشاف یہ ہوا ہے کہ ملزمان نے بینکوں میں نقب زنی اور اے ٹی ایم توڑنے کے طریقے یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر سیکھے تھے۔

پولیس کے مطابق یہ تینوں نوجوان، جن کی عمر 28 برس سے کم ہے، گمماڈی دلہ میں ایچ ڈی ایف سی اے ٹی ایم، ویلدرتی میں سنٹرل بینک اور میڑچل میں ایس بی آئی اے ٹی ایم میں نقب زنی کی کوشش کر رہے تھے۔

اے ٹی ایم مشینیں اکھاڑ کر لے جانے کے لیے انہوں نے ایک ٹریکٹر کا بھی انتظام کیا تھا۔ اس سے قبل وہ وائن شاپس سے شراب کی بوتلیں چرا کر فروخت کرچکے تھے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت شریکانت (24)، لنگم (28) اور پرساد (20) کے طور پر ہوئی، جو تلنگانہ ضلع میڑچل کے مانے پلی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چھپائی گئی شراب کی بوتلیں، چوری کے لیے استعمال ہونے والی رسی، ہتھوڑی اور ٹریکٹر برآمد کیا۔

اسپیشل پولیس افسر (ایس پی) سری نواسا راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ تینوں ملزمان قریبی دوست ہیں اور آسان طریقہ سے پیسہ کمانے کی عادت نے انہیں جرائم کی راہ پر ڈال دیا۔انہوں نے کہاکہ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ کر ان نوجوانوں نے بینکوں اور اے ٹی ایم میں نقب زنی کی کوشش کی۔ متعدد بینک ملازمین کی شکایت پر مقدمے درج کیے گئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کی گئی اور مانے پلی گاؤں کے قریب سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے