گایتری بینک 3428.46 کروڑ کے کاروبار کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن
66 برانچز سے توسیع کا سفر جاری
حیدرآباد: ۔16؍اگست
(زین نیوز)
گایتری کوآپریٹیو اربن بینک لمیٹڈ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور موجودہ وقت میں 3428.46 کروڑ روپے کے کاروبار اور 66 برانچز کے ساتھ اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ یہ بات بینک کے نائب صدر سری سومی شیٹی روی کمار نے آج منعقدہ بینک کے سالانہ عام اجلاس میں کہی۔
انہوں نے بتایا کہ بینک کے قیام کو 25 سال مکمل ہو چکے ہیں، اس دوران 7 لاکھ 88 ہزار صارفین کا اعتماد حاصل کرتے ہوئے بینک نے ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کی حیثیت حاصل کی ہے۔ اس ترقی کا سہرا بینک کے کھاتہ داروں اور اراکین کے سر ہے جن کے تعاون سے یہ مقام حاصل ہوا۔نائب صدر نے کہا کہ بینک نے 201 بینکنگ کرسپانڈنٹس (BCs) کو مقرر کر کے دیہی علاقوں میں بھی خدمات پہنچائی ہیں۔
مالی سال 2024-25 میں بینک نے 26 کروڑ 07 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل کیا اور اسٹیٹوٹری آڈیٹرز کی جانب سے A کلاس بینک کا درجہ دیا گیا۔ موجودہ مالی سال کے اختتام تک 4200 کروڑ روپے کے کاروبار اور 1 لاکھ نئے کھاتہ داروں کا ہدف رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جلد ہی مزید 15 نئی برانچز کھولی جائیں گی، جس سے برانچز کی مجموعی تعداد 81 ہو جائے گی۔

ساتھ ہی ڈائریکٹ RTGS اور انٹرنیٹ بینکنگ جیسی جدید سہولیات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔بینک کے سی ای او ونمالا سرینواس نے 31 مارچ 2025 تک کی آڈٹ شدہ بیلنس شیٹ، اثاثہ جات و واجبات اور منافع و نقصان کی رپورٹس پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ بینک نے شفاف اور فوری خدمات فراہم کرتے ہوئے ڈپازٹس میں 21.30 فیصد اضافہ کیا ہے، جو 1790 کروڑ 37 لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
قرضوں میں 28.79 فیصد اضافہ ہوا، جو 1353 کروڑ 32 لاکھ روپے ہیں، جبکہ سرمایہ کاری 474 کروڑ روپے رہی۔بینک نے مختلف ڈیجیٹل سہولیات جیسے AePS، UPI، موبائل بینکنگ، ٹول فری بینکنگ اور IMPS کے ذریعے صارفین کو خدمات فراہم کی ہیں۔
2024-25 میں 108 آن سائٹ اے ٹی ایمز کے ذریعے 1287.71 کروڑ روپے کی اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز اور 4 کروڑ 45 لاکھ 36 ہزار UPI ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔سماجی ذمہ داری کے تحت بینک ہر سیونگ اکاؤنٹ پر ایک لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ فراہم کرتا ہے۔ اب تک حادثات میں جاں بحق ہونے والے 566 کھاتہ داروں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ روپے فی کس دیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران حادثے میں جاں بحق ہونے والے کھاتہ داران کولپاکا دینیش اور ناگول بھارت کے لواحقین کو بھی ایک لاکھ روپے کے چیک حوالے کیے گئے۔اس موقع پر نائب صدر ایس۔ روی کمار، ڈائریکٹرز بی۔ مَلّیشم، جے۔ پرساد، آر۔ سامبامورتی، واصل سرینواس، جے۔ راجا مرلی، آر۔ ستییش، بی۔ کرن شری، بی۔ پدمجا، بی۔ وجے، گلی دیاکر، رکن ایس۔ سوریا پرکاش، دیگر اراکین، کھاتہ دار، کوآپریٹیو افسران اور بینک عملہ موجود تھا۔
