اسد الدین اویسی کی گاڑی پر چار راونڈ فائرنگ ۔حملہ آور فرار۔ایک مشتبہ شخص گرفتار

تازہ خبر قومی

نئ دہلی :3؍فروری
(زین نیوز)
صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ ان کی گاڑی پر تین سے چار راؤنڈ فائرنگ کی گئی ہے۔ اویسی نے ٹویٹ کرکے اپنی گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع دی۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ چھجرسی ٹول گیٹ پر ان کی گاڑی پر گولیاں چلائی گئیں۔ تین سے چار راؤنڈ فائر کیے گئے۔ فائرنگ سے گاڑی پنکچر ہوگئی۔ بعد میں وہ دوسری گاڑی سے واپس آیا۔۔ہم سب محفوظ ہیں۔الحمد اللہ

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی جو کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کی مہم میں مصروف ہیں میرٹھ کے کیتھور میں انتخابی مہم کے اختتام کے بعد وہ دہلی واپس ہورہے تھے کہ اس دؤران ان پر یہ حملہ ہوا ہے۔

جونہی بیرسٹراسدالدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع عام ہوئی ملک بھر میں اور ان کے حامیوں اور مداحوں میں تشویش کی لہر دؤڑ گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے بتایا کہ وہ میرٹھ کے کیتھور میں انتخابی پروگرام میں شرکت کے بعد دہلی واپس آرہے تھے۔ اس دوران چھجرسی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی پر تین سے چار راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ میں تین سے چار افراد ملوث تھے۔

گولی لگنے سے گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو گیا۔ اسد الدین اویسی نے ٹوئٹ میں گاڑی کی تصویر بھی ڈالی ہے۔ تصویر میں گاڑی پر گولیوں کے نشانات دکھائی دے رہے ہیں۔ اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد ٹول پلازہ کے قریب افراتفری کا ماحول تھا۔ پارٹی کے حامیوں کی بڑی تعداد ٹول پلازہ کے قریب پہنچ گئی۔

اپوڑ کے ایس پی دیپک بھوکر نے بتایا کہ اویسی کی گاڑی پر حملے کے بعد پولیس فوراً پہنچی اور اس معاملے میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ اس کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے