اترپردیش میں اگلی حکومت کانگریس کی قائم ہوگی: راحت خلیل
دیوبند، 9؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
آج کانگریس کارکنان کی ایک میٹنگ کا انعقاد محلہ ابوالمعالی میں واقع دفتر پر کیا گیا جس میں اسمبلی انتخابات کو لے کر غوروخوض اور لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس کے ضلع جنرل سکریٹری راحت خلیل نے کہاکہ اگلے ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کارکنان کو محنت کے ساتھ کام کرنا ہے اور پارٹی امیدوار کو کامیاب کرکے اسمبلی میں بھیجنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں اگلی حکومت کانگریس کی قائم ہوگی کیو ںکہ غیرکانگریسی سیاسی جماعتوں سے اب عوام پریشان ہوچکی ہے اور وہ ریاست میں تبدیلی چاہتی ہے۔
راحت خلیل نے کہا کہ کانگریس پارٹی سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے کبھی مذہب کی سیاست نہیں کی ہے بلکہ کانگریس نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ آج ملک کے اندر جو ترقی نظر آرہی ہے وہ سب کانگریس پارٹی کی ہی دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت کے دور میں ہر طبقہ پریشان ہے ، یہی وجہ ہے کہ آج ریاست کے عوام کانگریس کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے۔
کانگریس کے شہر صدر تنظیم صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ غیرکانگریسی اور موجودہ حکومت سے عوام پوری طرح سے عاجز آچکے ہیں کیوں کہ ان کے دورِ اقتدار میں مہنگائی ، بے روزگاری، غنڈہ گردی عروج پر ہے ، یہی وجہ ہے کہ ریاست کے عوام موجودہ حکو مت سے پریشان ہوگئی ہے اور اسمبلی انتخابات میں اس کو سبق سکھانے کا ذہن بناچکی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ریاست کے عوام پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو ریاست کی وزیر اعلیٰ دیکھنا چاہتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ نفرت پیدا کرکے اقتدار حاصل کیا ہے ،ایک مرتبہ پھر وہ ملک میں نفرت پیدا کرکے اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے مگر عوام ان کی ان پالیسیوں کو سمجھ چکی ہے اور وہ ان کے بہکاوے میں آنے والی نہیں ہے۔ پارٹی کے سابق ضلع جنرل سکریٹری وریام خان اورسلیم عثمانی نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کے سبب لوگ پریشان ہیں اور موجودہ حکومت کے خلاف زبردست ناراضگی ہے جس کے سبب صنعتی ادارے بند ہونے کے نزدیک ہیں ۔
تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ اب عوام موجودہ حکومت کو سبق سکھانے کا ذہن بناچکی ہے ۔ چودھری شمشاد جنگ ،شاہنوازملک اور عبدالقادر تیاگی نے کہا کہ ریاست میں آنے والا وقت کانگریس کا ہے ،اس لئے کارکنان کو چاہئے کہ وہ محنت کے ساتھ پارٹی کے کاموں میں لگ جائیں اور اس سیٹ سے کانگریس پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرکے اسمبلی میں بھیجیں ، کیوں کہ موجودہ حکومت کسان اور مزدور مخالف حکومت ہے۔ میٹنگ میں انوار صدیقی، اشرف بھارتی، کرنوال، کرشن راجپوت، لئیق انصاری، ساجد قریشی، یوسف خلیل، شفیق احمد، راشد خان، ریحان قریشی، مقیم عباسی، ناصر سلمانی، دلشاد سلمانی، محمو د خلیل ، محمدو سیم ، عبدالاحد، نبیل عثمانی وغیرہ موجود رہے۔
