جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد
دیوبند،22؍جولائی
(رضوان سلمانی)دیوبند کے معروف میڈیکل کالج جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے منگلور روڑکی روڑ پر کانوڑ لانے والے شیو بھگتوں کی خدمت کے لئے چار روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے جو آئندہ 26؍جولائی تک جاری رہے گا۔آج مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کے بدست عمل میں آیا ۔
اس موقع پر وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے جامعہ طبیہ کی جانب سے کانوڑیوں کے لئے چار روزہ مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انورسعید اور ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے انہیں اس نیک کام کے لئے مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ہندوستان کی قدیم روایت رہی ہے کہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ہمیشہ بلاتفریق مذہب وملت تعاون کے لئے پیش پیش رہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کی آپسی بھائی چارہ کا نظارہ پیش کرتے ہیں یہی ہمارا اتحاد واتفاق ہے ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند وقتاً فوقتاً اپنی مفت خدمات دیتا رہا ہے ۔کنور برجیش سنگھ نے جامعہ طبیہ دیوبند اور ڈاکٹر انورسعید کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان میں خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔
جس کا شاندار مظاہرہ انہوں نے کووڈ کی خطرناکی کے دوران بھی کیا اور اپنے یہاں کورنٹائن سینٹرقائم کرکے تمام کووڈ متاثرین کی جس فراخیٔ دل کے ساتھ خدمات انجام دیں وہ ہم سب کے لئے مثال اور قابل تقلید ہے ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کے دوران جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے شہر اور دیہی علاقوں میں گھر گھر جاکر مفت میڈیکل کیمپ لگاکر کووڈ 19کے سلسلہ میں لوگوں کو معلومات دی اور بہترین علاج مہیا کرایا گیا تھا ۔انہوں نے کہا جامعہ طبیہ دیوبند ریاست اترپردیش میں ہی نہیں بلکہ ملک میں اپنی الگ پہچان رکھتا ہے ۔
وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید قابل مبارکباد ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی خدمات جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے برابر جاری رہیں گی ۔انہوں نے میڈیکل کیمپ کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انورسعید نے وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے وقتاً فوقتاً مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے اس کیمپ میں کانوڑیوں کی خدمت کے لئے اسپتال جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے مفت دوائیاں،فزیو تھیرپی ،آکسیجن اور بیڈ کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ کانوڑیوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ چار روزہ میڈیکل کیمپ دیوبند ،روڑکی اور دیوبند سہارنپور کی جانب سے آنے جانے والے کانوڑیوں کی خدمت کے لئے لگایا گیا ہے تاکہ انہیں حسب ضرورت میڈیکل ایڈ دی جاسکے ۔انہوں نے بتایا یہ میڈیکل کیمپ 24؍گھنٹے خدمات انجام دے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ میڈیکل کیمپ اور کیمپ کی ذمہ دار ٹیم 24گھنٹے انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت خدمات انجام دے گی ۔اس طرح کے اقدامات سے اس ملک کی قدیم گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور بھائی چارہ کو فروغ ملتا ہے ۔
ڈاکٹر انور سعید نے کانوڑ یاترا سے متعلق حکومت وانتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات اور اعلیٰ افسران کی جانب سے بہتر انتظامات کئے جانے کے بھی ستائش کی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت اور دیوبند کے اسمبلی رکن کی کوششوں سے کووڈ 19کے وقت اسپتال جامعہ طبیہ دیوبند کو ریاستی سرکار کی جانب سے لیول 1کا اسپتال بنایا گیا تھا ۔
جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ کا گلپوشی کرکے استقبال کیا ۔اس موقع پر ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار،سی او رام کرن سنگھ،تھانہ انچارج پربھاکر کینتورا،ڈاکٹر سکھ پال سنگھ،ڈاکٹر سنجے شرما،بی جے پی شہر صدر وپن گرگ،وکاس تیاگی،ارون گپتا،ڈاکٹر کانتا تیاگی،روندر جڈا،منوج سنگھل،انجینئر محمد انور،چودھری اوم پال سنگھ،ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی،ڈاکٹر زعیم انور ،ڈاکٹر مزمل،ڈاکٹر محمد آصف خان،ڈاکٹر ناصر علی خان،ڈاکٹر محمد فصیح،گوھر نبی ،دا نش علوی،سدیش کماروغیرہ موجود رہے ۔