حیدرآباد۔29ڈسمبر
(راست)
متحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیر جناب محمد فرید الدین کا آج ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو انٹرولوجی (اے آئی جی) گچی بائولی میں آج مغرب کے وقت انتقال ہوگیا۔ جناب محمد فرید الدین ٹی آرایس کے جنرل سکریٹری تھے اور سابق میں وہ آنجہانی وائی ایس راج شیکھرریڈی کی کابینہ میں دو میعاد تک بحیثیت وزیر شوگرانڈسٹری ‘ کامرس ‘اقلیتی بہبود‘وقف‘ حج ‘ گورنمنٹ انٹرپرائزس و کاپوآپریشن کے وزیر رہے ہیں۔
حالیہ دنوں تک وہ ٹی آرایس کی جانب سے رکن اسمبلی رہے۔ جناب فرید الدین اپنی سیاسی زندگی کا آغازسرپنچ کی حیثیت سے کیا بعدازاں ظہیرآباد بلاک سمیتی کے وائس چیرمین بھی رہے۔ کانگریس کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ اسمبلی حلقہ ظہیرآباد سے اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے۔ ایک میعاد کی تکمیل تک وہ اسمبلی کی ہی نمائندگی کرتے رہے ۔
کانگریس کے ریاست میں برسر اقتدارآنے کے بعد بحیثیت وزیر راج شیکھرریڈی کی کابینہ میں جگہ دی گئی ۔ دوسال قبل انہیں مسٹرتملا ناگیشور رائو کی جگہ پر ایم ایل سی بنایاگیاجو گذشتہ ماہ تک ٹی آرایس رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے برقرار رہے جن کی عہدہ کی میعاد گذشتہ دو ماہ قبل ختم ہوئی تھی۔
جناب فرید الدین کے والد جناب محمد فخر الدین مرحوم ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک فرزند محمد تنویر الدین اور 2 دختران شامل ہیں۔ جناب فرید الدین کو جگر کے عارضہ کی وجہ سے ایشین انسٹی ٹوٹ آف گیاسٹرو انٹرولوجی میں شریک کیاگیا تھا۔
اس وقت وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش رائو بھی ان کے ساتھ تھے۔ 5دن قبل ہی ان کی کامیاب سرجری ہوئی تھی جو شفایاب ہورہے تھے کہ آج اچانک طبیعت بگڑنے سے انتقال کرگئے۔ جناب محمد فرید الدین ایک غیر متنازعہ لیڈر تھے جو ظہیرآباد اسمبلی حلقہ میں اپنا اچھا خاصہ اثر رسوخ رکھتے تھے۔
نماز جنازہ کل ان کے آبائی وطن ظہیرآباد ( ہوتی کلاں) کے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ مزید تفصیلات کیلئے ان کے فرزند محمد تنویر الدین سے سیل نمبر 9989120000 پر ربط پیدا کیاجاسکتا ہے۔ انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی مسٹر ٹی ہریش رائو وزیر فینانس اپنی تمام مصروفیات کو ترک کرکے سیدھے دواخانہ پہنچے ۔ان کے ہمراہ سینئر ٹی آرایس ایم ایل سی مسٹر فاروق حسین بھی موجود تھے۔
انہوںنے ارکان خاندان اور حامیوں سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا اور ضروری انتظامات کی متعلقہ افراد کو ہدایت دی۔جناب محمد محمود علی بھی دواخانہ پہنچ کر مرحوم کا دیدار کیا۔
