حیدرآباد۔19/جولائی
(ایجنسیز)
وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نےامت مسلمہ بالخصوص تلنگانہ عوام کو عید الضحٰی کی مبارک بادی پیش کی. انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ اس مرتبہ عید کی نماز کے لیے عیدگاہوں اور مساجد میں عام اجازت دی گئی ہے
. وزیر موصوف نے کہا کہ عید کی نماز کے اہتمام کے دوران احتیاط برتیں. اور کووڈ قوانین کی پابندی کریں. کیونکہ کورونا وباء پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے. ان حالات میں کووڈ قوانین کی پابندی ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ ریاست بھر کے تمام عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید الضحٰی کے موقع پر سماجی فاصلہ قائم رکھیں، مصافحہ و معانقہ سے پرہیز کریں، فیس ماسک کو ہمیشہ استعمال کریں اور سانیٹائزر یا صابن سے اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں. نماز کو جانے سے پہلے اپنے اپنے گھروں سے با وضو نکلیں اور ساتھ میں جانمازوں کو بھی لے جائیں.
محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے خاتمہ کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور اس کو روکنے میں حکومت تلنگانہ کا ساتھ دیں. انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد صفائی پر خاص توجہ دیں ، کیونکہ پاکی آدھا ایمان ہے. اور اپنے پڑوسیوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچائیں. اپنی قربانی میں رشتہ داروں، پڑوسیوں، دوست و احباب اور غرباء کا خیال رکھیں.
وزیر موصوف نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ عالم انسانیت کے لیے دعائیں فرمائیں اور تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کے علاوہ کورونا وباء کے خاتمہ کے لیے بھی خاص دعاؤں کا اہتمام کریں۔