قوالی، مشاعرہ اور بغیر تلک کے میلہ احاطہ میں داخلہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ

تازہ خبر قومی

وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی ایس ڈی ایم سے نمائندگی
دیوبند، 6؍ اپریل
(رضوان سلمانی)
وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنان نے ایس ڈی ایم کو میمورنڈم دیتے ہوئے دیوبند میں لگنے والے مندر پر میلہ پر مختلف پروگراموں پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے، ساتھ ہی قوالی، مشاعرہ اور بغیر تلک کے میلہ احاطہ میں داخلہ پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

وشو ہندو پریشد کے مونکت رانا اور اکشے دھیمان کی قیادت میں وشوہندوپریشد اور بجرنگ دل کے کارکنان نے ایس ڈی ایم کو میمورنڈم سونپا جس میں کہا گیا ہے کہ دیوبند کے تاریخی مندر پر لگنے والے میلہ میں ثقافتی پروگراموں کی فہرست سے قوالی، مشاعرہ اور دوسرے بیہودہ پروگراموں کو ہٹایا جائے ۔

انہوں نے میمورنڈم میں ایس ڈی ایم سے کہا کہ مندر پر لگنے والا یہ تاریخی میلہ طویل عرصہ سے لگتا آرہاہے لیکن کچھ پروگراموں کے سبب یہ اپنی شناخت ختم کرتا جارہاہے ۔ 1966سے پہلے یہ خالص مذہبی میلہ ہوا کرتا تھا لیکن 1966کے بعد اس میں ثقافتی پروگراموں کے نام پر میلہ کی مذہبی شناخت کو ٹھیس پہنچائی جارہی ہے اور میلہ کا وقار ختم کرنے کی لگاتار کوششیں کی جارہی ہیں۔

اس لئے میلہ کی صدیوں پرانی تاریخ کو واپس لانے کے لئے میلہ میں منعقدہ پروگراموں پر قدغن لگنا ضروری ہے ۔ تحریر میں کہا گیا ہے کہ میلہ میں آنے والے زائرین کی سہولیات کے لئے انتظامیہ کو خاص اقدامات کرنے ہوںگے اور میلہ کے گیٹ پر حفاظتی انتظامات پختہ کرنے کے ساتھ ساتھ میلہ میں آنے والے ہر زائرین کو تلک لگانے کا انتظام کی جائے اور میلہ احاطہ میں انہیں لوگوں کو داخلہ دیا جائے۔ اس موقع پر امت تیاگی، سمراٹ رانا، دیپک کیشپ، روہت تیاگی، دیپک راج سمیت مختلف کارکنان موجود تھے۔