حیدرآباد۔12مئی
(زین نیوز)
وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مساجد میں عیدالفطر کی نماز کے لیے زیادہ سے زیادہ چار لوگوں کو اجازت رہے گی۔
تمام لوگ اپنے اپنے گھروں میں عید الفطر کی نماز ادا کریں اور عالم اسلام بالخصوص تلنگانہ عوام کی خوش حالی اور ریاست کی ترقی کے لیے دعائیں کریں
وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ملک بھر کے مسلمانوں بالخصوص تلنگانہ کے تمام لوگوں کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ کورونا وباءکی وجہ سے گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی عید کی نماز کو عیدگاہ میں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ماہ شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا جمعہ کو عیدالفطر :
محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے نماز عید کے دوران سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں، مصافحہ و معانقہ سے پرہیز کریں، فیس ماسک کو ہمیشہ استعمال کریں اور اپنے گھروں میں نماز ادا کرنے کو اہمیت دیں۔محمد محمود علی نے کہا کہ کورونا وباءکو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہم سب کو مل کر کووڈ قوانین پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے لاک ڈاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے مجبوری کی حالت میں دس دن کا لاک ڈاون نافذ کیا ہے، کیونکہ ریاست میں کورونا کیسس میں غیر معمولی اصافی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صبح 6 تا 10 بجے تک لاک ڈاون میں چھوٹ رہی گی
لہذا اس دوران عوام اپنی ضروریات کو پورا کرلیں اور 10 بجے کے بعد سے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔البتہ دوائیوں کی خریدی یا ہسپتالوں کو جانے میں کسی قسم کی روک نہیں رہے گی۔وزیر موصوف نے کہا کہ عوام لاک ڈاون پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کورونا کے خاتمے کی جنگ میں تلنگانہ حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر عوام لاک ڈاون پر سختی سے عمل نہ کرتے ہوئے اپنے کام جاری رکھیں گے تو لاک ڈاون کی مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔محمد محمود علی عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ کورونا کے خاتمہ کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور کو روکنے میں حکومت تلنگانہ کا ساتھ دیں۔
