حیدرآباد: 14/ جولائی
(پریس نوٹ)
دختر وزیراعلیٰ و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں جاری مسلسل بارش کے پیش نظر چوکس رہیں اور بلاضرورت ہرگز اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر ریاست بھر میں موسلادھار بارش اور سیلاب کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور خاندان کے سربراہ کی طرح کھڑے ہو کر عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو وقتاً فوقتاً مناسب احکامات دے رہے ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیف منسٹر کے سی آر بڑی ہی ذمہ داری سے اپنے فرائض کو انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ خدمات انجام دیں اور شدید بارش کے دوران جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ کویتا نے بتایا کہ ان سنگین حالات کے دوران وہ حاملہ خواتین کو خصوصی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سیلابی علاقوں میں طبی، برقی اور پینے کے پانی کی سہولیات میں کوئی خلل نہ پڑے۔
رکن کونسل کویتا نے بتایا کہ ایک طرف حکومت اپنی ذمہ داری بخوبی نبھارہی ہے تو وہیں دوسری جانب ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین بھی سیلاب زدہ علاقوں میں راحت کاری اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔