حیدرآباد: 14؍جولائی
(زین نیوز)
تلنگانہ ریاست میں گذشتہ پانچ دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے کئی اضلا ع میں نشیبی علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقاما ت پر پہنچایا جارہا ہے اور پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو ٹیموں‘ این ڈی آر ایف اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچایا جارہا ہے ۔
منچریال ضلع کے چنور منڈل میں موضع سومن پلی کے مضافات میں بہہ جانے والی گوداوری ندی میں پھنسے دو چرواہوں کو آ ج آئی اے ایف کے ایک ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچا لیا گیا ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کو اس وقت استعمال کیا گیا جب مقامی ایم ایل اے بلکا سمن نے میونسپل ایڈمنسٹریشن کے وزیر کے ٹی راما راؤ سے دو چرواہوں کو بچانے میں مدد طلب کی۔
جس کے بعد حکومت نے گاؤں میں ایک ہیلی کاپٹر بھیجا اور دونوں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ اور چرواہوں کو بچانے کے بعد ہیلی کاپٹر پیداپلی ضلع کے راماگنڈم میں بحفاطت اتار ا گیا۔رکن اسمبلی بالکا سمن نے فور ی طور پر ہیلی کاپٹر فراہم کرنے پرریاستی وزیر کے ٹی آر سے اظہار تشکر کیا۔
سومن پلی سے تعلق رکھنے والے چرواہوں کی شناخت سرایا اور گٹیا کے نام سے ہوئی ہے جو بکریاں چرانے کے لیے قریبی جنگلوں میں گئے تھے اور سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے۔ وہ گاؤں کے کناروں پر پینے کے پانی کی اسکیم کے لیے بنائے گئے اوور ہیڈ ٹینک کے اوپر جانے میں کامیاب ہو گئے۔ ٹینک سیلاب کی وجہ سے ڈوب گیا تھا۔ ریسکیو آپریشن کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی
رکن اسمبلی چنور بالکا سمن اور کلکٹر بھارتی ہولیکری، شدید بارش میں دو چرواہوں کے پھنسے کی اطلاع پر بچاؤ آپریشن کی نگرانی کے لیے چنورروانہ ہوئے۔ ایم ایل اے گزشتہ دو دنوں سے اپنے کیمپ آفس سے سیلاب کی صورتحال اور امدادی اقدامات کی نگرانی کر رہے تھے۔