مسلمانوں کو پامردی اور حوصلہ کےساتھ حالات کے مقابلے کی تلقین۔مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی

تازہ خبر قومی

شل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذریعے آن لائن خطبات کا آغاز!
نئی دہلی: 15؍فروری
(پریس ریلیز)
: اس وقت ملک کے حالات بڑے نازک ہیں، لیکن مسلمانوں کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ وہ متعدد مرتبہ اس سے بھی زیادہ سخت حالات سے گزر چکے ہیں،اس لیے مسلمانوں کو پریشان ہونے کے بجائے ہمت اور حکمت کے ساتھ موجودہ حالا ت کے مقابلے کے لیے فکر مند ہونا چاہئے اور مناسب تدبیر اختیار کرنی چاہئے، بطور خاص ملک کے ہرایک فرد تک حق کا پیغام پہنچانا چاہئے،اور داعیانہ کردارکے ساتھ زندگی گزارناچاہئے،یہ ہمارا دینی اور ایمانی فریضہ ہے اور وقت اور حالات کا اہم تقاضہ بھی! ان فکر انگیز باتوں کا اظہار گذشتہ شب آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب نے کیا۔ حضرت محترم نے اپنے اس فکر انگیز اور ایمان افروز خطاب کے ذریعے بورڈ کی سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے جاری ہونے والے پندرہ روزہ آن لائن خطبات ”سلسلہ دعوتِ فکر و عمل“کا آغاز فرمایا۔انہوں نے اپنے گراں قدر خطاب میں ملک کے تمام باشندوں کوانسانیت کا پیغام دیا اور انہیں اس جانب توجہ دلائی کہ کوئی بھی ملک انسانیت اور اخلاق کے ذریعے ترقی کرتا ہے، ہمارا یہ ملک مختلف مذاہب اور مختلف طبقات کاگہوارہ ہے، یہ ملک اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے جب تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کو اپنا سمجھیں، ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کریں، اور باہم مل جل کرزندگی گزاریں۔ موصوف نے یہ بات بھی کہی کہ مسلمان ملک کی ترقی چاہتے ہیں،وہ ملک میں بسنے والے ہر شہری کا بھلا چاہتے ہیں اور دوسروں سے بھی اپنے ساتھ حسن سلوک کی توقع رکھتے ہیں۔اس موقع پر اپنے ایک بیان میں آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینر مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر محترم کایہ فکر انگیز خطاب ایسا ہے جسے ہر مسلمان کوغور سے سننا چاہئے اور اس پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ نے سوشل میڈیا ڈیسک قائم کر کے اس بات کی کوشش کی ہے کہ مسلمانان ہند کو بورڈ کی سرگرمیوں سے واقف کروایا جائے اور مسلم پرسنل لا بورڈ، تحفظ شریعت، وحدت ملت اور اصلاح امت کا جوگراں قدر کارنامہ انجام دے رہاہے، اسے ملک میں بسنے والے لوگوں تک پہنچایا جائے، مختلف سوشل اکاؤنٹس کے ذریعے یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے پیغام کوعام کیاجائے اورمسلمانوں میں پھیلی ہوئی سماجی برائیوں کی نشاندہی اور ان سے دور رہنے کی تلقین کی جائے۔ اللہ کی مہربانی ہے کہ سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے کئی اہم سلسلے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اور لوگ ان سے بڑی تعدادمیں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اب ڈیسک کی جانب سے ایک نیااور اہم سلسلہ آن لائن خطبات بنام ”سلسلہ دعوتِ فکر و عمل“ کا شروع کیا جارہا ہے، جس کا افتتاح گذشتہ شب حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم نے فرمایا۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ اگلاخطاب آل انڈیامسلم پر سنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری امیر شریعت حضرت مولانا سید محمدولی صاحب رحمانی دامت برکاتہم کاہوگا،جو ملک کے موجودہ حالات میں چشم کشا اور بصیرت افرو ز ثابت ہوگا،ان شاء اللہ۔ اپنے بیان کے آخر میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے اس بات کی گذارش کی ہے کہ مسلمانان ہند سوشل میڈیا ڈیسک سے جڑیں اور آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے پیغام کودیر تک اور دورتک پہونچانے کی خدمت میں حصہ لے کر ثواب کے حق دار بنیں۔