محکمہ پولیس میں افرا تفری کا عالم

دیوبند، 31؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
دیوبند کے ریلوے روڑ پر واقع سرکاری اسپتال میں میڈیکل کی غرض سے لایا گیا ایک ملزم بیت الخلاء کی جالی توڑ کر پولیس کی حراست سے فرارہوگیا ۔ملزم کے فرارہونے کی خبر ملتے ہی پولیس محکمہ میں افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا جس کے بعد پولیس ملزم کی تلاش میں سرگرداں ہے ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق نانوتہ کی پولیس گنگو ہ کے ایک باشندہ ندیم کو ناجائز طریقہ اسلحہ رکھنے کے جرم میں حراست میں لیکر میڈیکل کرانے کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال لے کر آئی تھی
۔ملزم کو میڈیکل کرانے کے بعد دیوبند کی سب جیل بھیجا جانا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ندیم نے پولیس سے رفع حاجت کیلئے بیت الخلاء جانے کی اجازت لی اور اسپتال کے بیت الخلاء میں چلا گیااور وہاں سے جالی توڑ کر فرار ہوگیا۔
ملزم ندیم کے ساتھ دو پولیس اہلکار تھے انہوں نے کافی دیر تک انتظار کرنے کے بعد جب بیت الخلاء کا دروازہ کھٹکھٹایا توملزم باہر نہیں آیا جس کے بعد پولیس والوں نے بیت الخلاء کا دروازہ توڑ دیالیکن جب انہیں وہاں ملزم نہیں ملا تو ان کے ہوش وحواس خراب ہوگئے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بیت الخلاء کے عقبی حصہ میں لگی جالی کو توڑ کر فرار ہوگیا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس محکمہ میں افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کے خلاف کئی تھانوںمیں مقدمات درج ہیں ۔
اس سلسلہ میں دیوبند کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا نے کہا کہ انہیں پورے واقعہ کا علم ہوگیا ہے لیکن وہ دیوبند سے باہر ہیں لیکن پولیس اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد فرار ملزم کو حراست میں لے لیا جائے گا۔
