کامرانیوں کی منزل بغیر استاذ کے ممکن نہیں۔صبا حسیب صدیقی
دیوبند،4؍ستمبر
(رضوان سلمانی)
یوم اساتذہ کے موقع پر دیوبند کے قدیم ومعروف تعلیم نسواں کے قدیم ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج دیوبندمیںٹیچرز ڈے پروگرام منعقد کیا گیا جس کی صدارت ادارہ کی کارگزار پرنسپل محترمہ صفیہ گوھر نے کی اور نظامت کے فرائض زینب سنبل نے انجام دیئے۔پروگرام کے ابتدا میں انٹرامیڈیٹ درجات کی طالبات نے یوم اساتذہ کی اہمیت اور اس کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ادارہ کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی کا پیغام یوم اساتذہ کی مناسبت سے پڑھ کر سنایا گیا واضح ہو کہ صبا حسیب صدیقی چند دنوں سے اپنی علالت کے سبب چھٹی پر ہیں۔صبا حسیب نے طالبات کے نام اپنے پیغام میں یوم اساتذہ کی اہمیت اور تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی اولاد اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے کامیابی وکامرانیوں کی منزلوں تک پہنچے لیکن استاذ کے بغیر تعلیم کا حصول ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتابیں آپ کو معلومات دے سکتی ہیں لیکن عملی،ادبی اور تمام اخلاقی اقدارکا شعور استاذ کے بغیر ممکن نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ معاشرہ میں استاذ کا مقام قابل احترام ہے۔صفیہ گوھر نے ٹیچرز ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 5؍ستمبر کا دن ہمارے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہندوستان کے سابق صدر جمہوریہ سروپلی رادھا کرشنن جو ایک ماہر وتجربہ کار استاذ بھی تھے ان کی پیدائش اسی تاریخ کو ہوئی تھی آنجہانی صدر کی خواہش اور وصیت کے مطابق ہم ان کے یوم پیدائش کو یوم اساتذہ کے طور پر مناتے ہیں۔

طلبہ وطالبات اس خصوصی موقع پر آنجہانی صدر کو یاد کرتے ہیں اور اپنے اساتذہ کو عقیدت واحترام کے ساتھ تحائف اور پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہیں۔پبلک گرلز انٹرکالج کی سینئر ٹیچرز شبانہ انجم نے بھی یوم اساتذہ کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم اساتذہ کے موقع پر تقریبات منعقد کرنے کا مقصد اساتذہ کے مقام ومرتبہ کو اجاگر کرنا ہوتا ہے تاکہ ان کو وہ عزت واحترام دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔
ساجد ہ شمیم نے کہا کہ تعلیمی ترقی کی راہ اسکولوں وکالجوں سے ہی ہوکر گذرتی ہے طالبات کو اعلی معیاری تعلیم کے ساتھ اخلاقیات سے واقف کرانا ہمارا اصل مقصد ہے۔پروگرام کی نظامت کرنے والی ادارہ کی ٹیچر زینب سنبل نے کہا اساتذہ ہی اصلاً قوم کے محافظ ہوتے ہیں اساتذہ ہی نسل نو کو سنوار کر اس کو ملک وملت کے جذبہ سے سرشار کرتے ہیں۔
شاکرہ پروین نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داریاں اور فرائض نہایت مشکل اور اہم ہوتے ہیں کیونکہ وہی بچوں کو اخلاقی،تمدنی اور اخلاص وہمدردی کے جذبہ کو بیدار کرنے کا کام کرتے ہیں۔ادارہ کی سب سے سینئر اور بزرگ ٹیچر نصرت جہاں نے اساتذہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرز طالبات کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
دنیا میں جتنی بھی عظیم شخصیات ہیں وہ سب اساتذہ کے ہی سبب ہیں ان کے علاوہ فرناز،اسراء خاں،رجنی،شائستہ،زینب،روینہ شہزاد اور دیگر ٹیچرز نے بھی یوم اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اس موقع پر تمام تدریسی عملہ وطالبات کے علاوہ محمد غزالی،خذیمہ ،محمد عارف،شاہد اور دیگر کارکنان موجود رہے۔