کسان مہاپنچایت کی تیاریاں مکمل

تازہ خبر قومی

سیکوریٹی کے سخت انتظامات،بڑی تعداد میں تعینات رہیں گے افسران اور فورس

دیوبند،4؍ستمبر
(رضوان سلمانی)
مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے نئے زرعی قوانین اور کسانوں کو مسائل کو لیکر آج(اتوار) کو مظفرنگر کے راجیہ انٹر کالج میں منعقد ہونے والی بھارتیہ کسان یونین کی مہاپنچایت کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں، کسان یونین کے عہدیدان نے بتایاکہ مہاپنچایت میں اترپردیش کے متعدد اضلاع کے علاوہ ہریانہ ،پنجاب ،اترکھنڈ اور مہاراشٹر تک کے کسان شامل ہونگے۔

بھارتیہ کسان یونین کے صدر چودھری نریش ٹیکٹ نے کہاکہ یہ مہاپنچایت خاص ہوگی،جس میں کئی ریاستوں سے کسان شامل ہونگے ،انہوں نے مظفرنگر کے لوگوں بالخصوص شہر مظفرنگر کے عوام سے کسانوں کا استقبال کرنے کی اپیل کی ہے، ساتھ ہی کہاکہ یہ کسان مہاپنچایت تاریخی ہوگی ،جس میں کسانوں کی تمام سہولیات بشمول کھانے پینے کا خاص خیال رکھا جائیگا۔

ادھر حکومت و انتظامیہ بھی مہاپنچایت کو الرٹ ہوگئی ہے، کسان مہا پنچایت کے لیے پی اے سی کی چھ کمپنیاں اور ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کی دو کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ سہارنپور رینج کے ڈی آئی جی پریتندر سنگھ نے کہا کہ اس مہاپنچایت کی ویڈیو گرافی کی جائے گی جبکہ پانچ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ، سات ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) اور 40 پولیس انسپکٹر سیکوریٹی ڈیوٹی پر رہے گیں۔

بھارتیہ کسان یونین جنرل سکریٹری اور کسان مورچہ کے ایک رکن نے کہا کہ مرکزی زرعی قانون ، گنیّ کی قیمت اور بجلی کی فراہمی جیسے مسائل کسان مہا پنچایت میں زیر بحث آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش ، ہریانہ ، پنجاب،اتراکھنڈ اور مہاراشٹر سمیت ملک بھر کے کسان پروگرام میں حصہ لیں گے۔وہیںکسانوں نے ایک دن پہلے ہی گورنمنٹ انٹر کالج کے میدان تک پہنچنا شروع کر دیا ہے۔ دور دراز کی ریاستوں کے کسانوں نے مظفر نگر میں کسان مہا پنچایت تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

تقریبا ً تین کسانوں کا قافلہ لکھنؤ سے مظفر نگر ہفتہ کو ہی پہنچ گیاہے ،وہیں علاقہ کے کسان بھی پہنچ رہے ہیں،ادھر کسانوں کا لنگر شروع ہو چکا ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے رضاکاروں نے انتظام سنبھال لیا ہے ، گرودواروں میں بھی لنگر شروع ہوچکے ہیں ، جبکہ بھارتیہ کسان یونین نے کئی جگہوں پر کھانے کا انتظام بھی کیاہے۔ کسان مہا پنچایت کے حوالے سے پولیس ، انتظامیہ اور دیگر محکموں کو میرٹھ سے سہارنپور تک الرٹ کر دیا گیا ہے۔ آر ایل ڈی کے علاقائی صدر چودھری یشویر سنگھ نے بھی منڈل کے تمام اضلاع کے کارکنوں سے مہا پنچایت پہنچنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری طرف خفیہ محکمہ بھی مہاپنچایت کو لیکر کافی مستعد ہے۔

پنچایت کے ذمہ دارن کاکہناہے کہ تقریباً ایک ہزار ٹریکٹر اور پانچ سو گاڑیاں سے دوسرے اضلاع کے کسان مہا پنچایت میں پہنچیں گی۔کسان مہا پنچایت کے حوالے سے میرٹھ میں بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔ جس کا اعلیٰ حکام نے بلیو پرنٹ تیار کر لیا ہے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ پی اے سی کو بھی ضلع کی سرحد پر تعینات کیا جائے گا۔