چیف منسٹر کاتلنگانہ میں بارش کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ

تازہ خبر تلنگانہ
جنگی خطوط پر اقدامات کرنےعہدیداروں کو ہدایت۔
 بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے اوراحتیاطی تدابیر اختیارکرنےمشورہ۔کے سی آر
حیدرآباد: 9؍جولائی
(زین نیوز)
چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں شدید بارشوں کے دوران تازہ ترین صورتحال پر جائزہ لیاچیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات جنگی خطوط پر کریں
وزیراعلی نے ریاست بھر میں جاری مسلسل بارش کے پیش نظر چیف سکریٹری شری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ محکمہ جات کو پیشگی طور پر حفاظتی اقدامات کرنے کیلئے الرٹ کردیں۔ وزیراعلی نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر تمام اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کریں اور بطور خاص نشیبی علاقوں میں این ڈی آر ایف اور بچاؤ عملے کو چوکنا کردیں۔
ریاست تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں شدید بارش کی پیش قیاسی کے پس منظر میں وزیراعلی نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے اور آج (بروز ہفتہ) یا کل (بروز اتوار) کو ایک ویڈیو کانفرنس بھی منعقد کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، مجالس مقامی کے نمائندوں و دیگر عوامی نمائندوں کو اپنے متعلقہ علاقوں میں چوکس رہنے کی بھی ہدایت دی۔
 وزیراعلی کے سی آر کی عوام سے اپیل:
وزیراعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ ریاست میں جاری شدید بارش کے سلسلے کے پیش نظر مکمل احتیاط برتیں اور کسی بھی قسم کا جوکھم مول لینے سے گریز کریں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ جب تک کوئی ہنگامی صورتحال نہ ہو وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ آبپاشی کو پوری طرح الرٹ کردیا گیا:
دریائے گوداوری اور پراناہیتا کے لبریز ہو جانے اور نتیجتاً پیداشدہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلی کے سی آر نے ریاستی آبپاشی عہدیداروں کو الرٹ کردیا ہے اور اُنہیں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ریونیو سداسّولو پروگرام ملتوی:
ریاست بھر میں جاری موسلادھار بارش کے سلسلے کے دوران وزیراعلیٰ نے 11 جولائی کو پرگتی بھون میں وزراء، ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹرس کے ہمراہ منعقد شدنی "ریونیو بیداری پروگرام” کو موخّر کردیا ہے۔
 اسی طرح وزیراعلیٰ نے 15 جولائی سے ریاست بھر میں منعقد شدنی مجوزہ ‘ریونیو سداسولو’ پروگراموں کے انعقاد کو ملتوی کرتے ہوئے موسمی حالات کے معمول پر آنے کے بعد ان پروگراموں کے انعقاد کیلیے نئے شیڈول کا اعلان کرنے کی اطلاع دی۔