رکن کونسل کویتا کی بروقت امدادخصوصی
حیدرآباد۔ 29 اپریل
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
دختر وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔انسانی ہمدردی کیلئے کویتا اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں۔ کورونا کی پہلی لہر کے دوران نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے موقع پر کویتا نے سنیکڑوں کورونا متاثرین، مہاجر مزدوروں اور دیگر ممالک میں پھنسے ریاست کی افراد کیلئے اپنا دست تعاون دراز کیا تھا۔
اب جبکہ کورونا کی دوسری لہر نے ریاست اور ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ کویتا عوامی خدمت کیلئے سرگرم ہوچکی ہیں اور عوامی خدمت کیلئے پیش پیش ہیں۔ کویتا نے کورونا متاثرین کی مدد کیلئے نظام آباد اور حیدرآباد میں خصوصی ہیلپ لائن نمبرس قائم کئے ہیں جس کے ذریعہ کورونا متاثرین کیلئے سرکاری و خانگی ہسپتالوں میں بیڈس کی فراہمی، آکسجن کی سپلائی، وینٹیلیٹر اور ادویہ کی فراہمی کیلئے اقدامات کئےجارہے ہیں۔
رکن کونسل کویتا‘ ان مشکل اوقات میں عوامی خدمت کیلئے سوشیل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم ٹویٹر پر بھی کافی متحرک ہیں اور عوام کی جانب سے درخواست پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آفس کے ذریعہ مدد کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہیں۔ ملک میں سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹرا‘ اس مہلک وباء سے متاثر ہے۔ مہاراشٹرا کی سرحد پر واقع ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد اور کاماریڈی میں بھی کورونا معاملوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
ایسے میں رکن کونسل کویتا نے پریشان حال عوام کی خدمت کیلئے اپنے حیدرآباد اور نظام آباد دفاتر میں خصوصی ہیلپ لائنس قائم کی ہے۔ حیدرآباد کے دفتر میں 23599999 040-/ 99999 89856 اور نظام آباد آفس میں 250666-08462پر خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہیں تاکہ عوام کو کورونا معاملوں میں مدد فراہم کی جاسکے۔ یہ ہیلپ لائنس 24گھنٹے دستیاب ہیں اور اس ہیلپ لائنس سے نظام آباد ، حیدرآباد کے علاوہ کاماریڈی اضلاع کی عوام کال سنٹرس سے رابطہ کرتے ہوئے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

مذکورہ کال سنٹرز کی رکن کونسل کویتا کی راست نگرانی میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ہسپتال کے بستر، ریمیڈسیور انجکشن، آکسیجن اور وینٹیلیٹر جیسے تمام معاملات کیلئے خصوصی اقدام کئے جارہے ہیں۔ سرکاری ایجنسی کے ساتھ اشتراک میں رکن کونسل کویتا مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکنہ مدد کی فراہمی کا تیقن دیا ہے یہاں تک کہ اگر نظام آباد کے ہسپتال میں بیڈس دستیاب نہ ہوں تو وہ مریض کو جلد حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے بہتر علاج کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہیں۔
اس کے علاوہ جو مریض گھروں پر ہی زیر علاج ہیں اور الگ تھلک رہ رہے ہیں‘ انہیں آکسیجن، ادویہ کی فراہمی اور ان کو بہتر غذا کی فراہمی کو بھی یقینی بنارہی ہیں۔ رکن کونسل کویتا ٹویٹر سے آنے والی درخواستوں پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور سماجی پلیٹ فارم کے ذریعہ متاثرین کی موصول شدہ تفصیلات کو متعلقہ حکام اور ہسپتالوں میں شیئر کرتے ہوئے ان کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
رکن کونسل کویتا نظام آباد، کاماریڈی اور جگتیال ضلع میں کووڈ 19 صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس ضمن میں انہوں نے نظام آباد ڈسٹرکٹ کلکٹر نارائن ریڈی، کاماریڈی کلکٹر شرتھ اور جگتیال کلکٹر روی سے فون پر بات کی۔ رکن کونسل کویتا نے ان اضلاع میں کورونا کی تازہ صورتحال، کورونا ٹسٹ ، علاج ، ہسپتالوں میں بیڈس کی تفصیلات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کویتا نے ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں سے بھی مشاورت کی اور نظام آباد ضلع کیلئے ایک ہزار خوراک ریمیڈیسیور انجکشن اور دس ہزار سے زائد کورونا ٹسٹنگ کٹس مہیا کرنے پر اتفاق کیا۔ رکن کونسل کویتا کے آفس کی اس ہیلپ لائن سے سینکڑوں عوام نے تاحال استفادہ کیا ہے اور مختلف گوشوں سے رکن کونسل کے ان اقدامات کی زبردست ستائش ہورہی ہے۔
