کوویڈ – 19پروٹوکال کے ساتھ عیدالاضحی منانے پر زور۔ ضلع یس اپی جگتیال

Uncategorized

جگتیال:17؍جولائی
(زین نیوز)
ضلع کلکٹر جی روی نےمسلمانوں پر زو ردیا کہ وہ عیدالاضحی کا کوویڈ-19 پروٹوکال کے ساتھ منائیں انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی اہم عیدین میں ایک عید الاضحی کا بنا کسی ناگہانی صورتحال کے پر امن ماحول میں انعقاد عمل میں لایا جائے۔ دفتر ضلع کلکٹر میں آج بروز ہفتہ مسلم رہنماؤں، ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی ڈی اروناسری،محکمہ اقلیتی بہبود کے ضلعی عہدیدار سندر وردھراجن،ضلعی عہدیدار برائے محکمہ پنچایت راج نریش،جگتیال، کورٹلہ،مٹ پلی ڈیویزن کے پولیس عہدیدار، اور کمشنران بلدیات کے ساتھ انھوں نے عید الاضحی کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ محکمہ حیوانات کی جانب سے مصدقہ جانوروں کو ہی ذبح کیا جائے۔ یوم عید کے موقع پر جانوروں کی منتقلی کیلئے عہدیداروں کی جانب سے جس سواری کی اجازت دی جائے ،صرف انھیں سواریوں کا استعمال کریں۔اجازت سے زائد جانوروں کی منتقلی نہ کی جائے۔ضلع میں چیک پوسٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔

جہاں عہدیداروں کی جانب سے اجازت شدہ جانور ہونے پر ہی منظوری دی جائیگی۔پر امن ماحول میں عید کے انعقاد کیلئے ہر فرد اپنا بھرپور تعاون پیش کرے۔مسلخ خانوں میں صاف صفائی کی جائے۔جانوروں کے فاضل مادوں کو عام مقامات میں نہ پھینکے بلکہ پلاسٹک کی تھیلی میں ڈالیں۔ضلع میں سب ڈیویزنل آفیسرس کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔

 

ؑ

شکایتیں موصول ہونے پر مناسب ردعمل کا اظہار کرنےوالےعہدیداروں کے خلاف جانبدارانہ ماحول پیداکرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کی تصدیق کرلی جائے۔کسی کی جانب سے بھی عجلت نہ کی جائے۔محکمہ حیوانات کی جانب سے مصدقہ جانوروں کو ہی ذبح کیا جائے۔

مسلخ میں ہر فرد سماجی فاصلہ اور اور ماسک کا لازما استعمال کرے۔اس ضمن میں مسلخ کے ذمہ داران عوام میں شعور بیدارکریں ۔عید کے اختتام تک محکمہ جات گرام پنچایت اور بلدیہ کے عہدیدار و دیگر عملہ خصوصا صفائی کی سرگرمیوں کو انجام دیں۔اس موقع پر ضلع ایس پی سندھو شرما نے کہا کہ محکمہ حیوانات کے عملہ کے تعاون سے حمل و نقل کے مسائل کو درپیش نہ ہونے دیا جائیگا ۔

جانوروں کی خریداری سے قبل کس قسم کے جانوروں کی خریداری کی جائے اور انکی سواریوں میں منتقلی کی تعداد سے متعلق خریداری کے مقام پر ہی متعلقہ عہدیدار وں سے صداقت نامہ حاصل کرلیا جائے۔جانوروں کی خریداری اور فروخت کے مقامات میں پولیس عہدیداروں کی مسلسل گشت ہوتی رہیگی۔کسی بھی مقام پر ناگہانی صورتحال پیدا ہو نے پر فوری عہدیداروں کے علم میں لایا جائے۔

اس موقع پر ضلع سے متعلقہ مسلم رہنما،ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی ڈی اروناسری، ضلعی عہدیدار برائے محکمہ اقلیتی بہبود سندر وردھراجن، محکمہ پنچایت راج کے عہدیدار نریش، جگتیال، کورٹلہ اور مٹ پلی کے ڈیویزن کے پولیس عہدیدار، کمشنران بلدیات ‘ضلع جگتیال سے تعلق رکھنے والے مذہبی‘ سیاسی ‘ قائدین مولانا سید مظہر القاسمی‘ مولانا سید معراج احمد قاسمی‘ مفتی عبدالمعز شامزی‘ ،میر کاظم علی ‘محمد ریاض الدین ماما‘ محمد عماد الدین عمیر‘ خواجہ لیاقت علی محسن’ سید عقیل‘ سمیر الدین آزاد‘محمد مکثر علی نہال‘موجود تھے ۔