گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو تلنگانہ اُردو ٹیچرس اسوسی ایشن کی تائید

بین الریاستی تازہ خبر

قائدین نے رکن کونسل کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے تائیدی مکتوب حوالہ کیا
حیدرآباد۔ 4؍مارچ
(ای۔میل)
اردو ٹیچرس اسوسی ایشن تلنگانہ اسٹیٹ (UTA-TS) کے قائدین نے آج ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں پارٹی کی تائید کا اعلان کیا۔
اسو سی ایشن کے قائدین جن میں ریاستی صدر خواجہ قطب الدین، جنرل سکریٹری محمد شکیل احمد، محمد غلام دستگیر صدر رنگاریڈی, محمد عارف صدر وقار آباد, محمد عبدالحلیم نائب صدر, محمد ناظر خازن و دیگر شامل تھے نے رکن کونسل کو اس ضمن میں ایک تائیدی مکتوب حوالہ کیا۔ اس موقع پراسوسی ایشن نے اردو ٹیچرس، اسکولس اور طلباء کو درپیش مسائل سے بھی رکن کونسل کو واقف کروایا۔

رکن کونسل نے ان کے مسائل کی بغور سماعت کی اور عاجلانہ یکسوئی کاتیقن دیا۔ اسوسی ایشن ذمہ داران نے محترمہ کویتا کو حوالہ کئے گئے میمورنڈم میں بتایا کہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ریاست میں اردو اسکولس، ٹیچرس اور طلباء کے بہبود کیلئے کام کررہی ہے
اور اسوسی ایشن سے تاحال 7 ہزار سے زیادہ اساتذہ جڑے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونین تشکیل تلنگانہ کی جدوجہد میں پیش پیش رہی اور تلنگانہ ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی (TTJAC) سے مل کر جدوجہد تلنگانہ میں حصہ لیا۔

انھوں نے رکن کونسل سے درخواست کی کہ وہ اردو ٹیچرس ، اسکولس اور طلباء کے مسائل حل کرنے توجہ دیں محکمہ تعلیم سے اس ضمن میں نمائندگی کریں جس پر رکن کونسل نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ یونین نے 14 مارچ کو منعقد شدنی گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کی دونوں نشستوں پر ٹی آر ایس امیدوار وانی دیوی اور پلا راجیشور ریڈی کی تائید کا اعلان کیا
اور انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔